کھاریاں(قاری نصیر احمد کلیار سے )حافظ ارشاد احمد پیدل مارچ کرتے ہوئے اوکاڑہ سے براستہ جی ٹی روڈ گجرات سے کھاریاں پہنچے.حافظ ارشاد احمد چھ ستمبر یوم دفاع کے روز افواج پاکستان کے شہداء کو خراج تحسین پیش کرنے کے لیے اوکاڑہ سے پیدل جی ایچ کیو راولپنڈی کی جانب روانہ ہوئے۔ اسسٹنٹ کمشنر کھاریاں زوہیب ممتاز گوندل نے تحصیل کھاریاں کی عوام کی نمائندگی کرتے ہوئے ڈنگہ چوک جی ٹی روڈ کھاریاں پرحافظ ارشاد احمد کو خوش آمدید کہا ۔

اس موقع پر مختلف سماجی اور سیاسی شخصیات نےحافظ ارشاد احمد کو پھولوں کے ہار پہنائے اور کھاریاں آمد پر خوش آمدید کہا۔مختلف سکولوں کالجوں کے طلبہ بھی تقریب میں شامل تھے۔جنہوں نے افواج پاکستان کے حق میں نعرے لگائے اور حافظ ارشاد احمد کو کھاریاں آمد پر خوش آمدید کہا۔ طلبہ نے مارچ کے شرکاء پر پھولوں کی پتیاں نچھاور کیں اور قومی پرچم کی جھنڈیاں لہرا کر استقبال کیا۔ اہلیان کھاریاں نے اپنے روایتی انداز میں ڈھول کی تھاپ پر رقص کرتے ہوئے مہمان کا استقبال کیا۔

صحافیوں سے بات کرتے ہوئے حافظ ارشاد احمد نے جوش اور ولولے کا اظہار کیا اور کہا کہ ہم شہدائے پاکستان کی خاطر اوکاڑہ سے راولپنڈی کا سفر کر رہے ہیں۔حافظ ارشاد احمد نے ضلع گجرات خصوصاً تحصیل کھاریاں کے نوجوانوں، ضلعی انتظامیہ، تاجر برادری اور عوام کا شاندار استقبال پر شکریہ ادا کیاصحافلوں سے بات چیت کرتے ہوئےگجرات حافظ ارشاد احمد نے کہا کہ گجرات اور جہلم شہداء کی سرزمین ہے۔ اس لیے انہوں نے خصوصی طور پر اس راستے کا انتخاب کیا تاکہ ضلع گجرات اور جہلم کے شہداء کو سلامی پیش کرتے ہوئے راولپنڈی کی طرف جائیں۔بعد ازاں حافظ ارشاد قافلے کی صورت میں کھاریاں سے سرائے عالمگیر کی جانب روانہ ہوئے۔ جہاں سے وہ ضلع جہلم میں داخل ہوں گے۔






