حیدرآباد (پرویز شیخ) ایم وائی ایل حیدرآباد اولمپک اسپورٹس فیسٹول کا فٹسال ایونٹ رافع فٹسال کلب حیدرآباد نے جیت لیا۔ فاتح ٹیم نے فائنل میں حسیب فٹسال کلب حیدرآباد کو 2-0 سے شکست دی۔ فاتح ٹیم کی جانب سے آریان اور عبداللہ نے گول اسکور کئے۔ دیالداس کلب حیدرآباد میں منعقدہ فٹسال ایونٹ کا افتتاح PDP فائونڈیشن پاکستان کے صدر احمد نواز کے ہمراہ ایم وائی ایل کے سابق صدر عبدالہادی خلجی نے کیا تھا جبکہ فائنل میچ اور اختتامی تقریب کے مہمان خصوصی سیکریٹری سندھ اولمپک ایسوسی ایشن احمد علی راجپوت تھے جبکہ سیکریٹری وومین ونگ پاکستان فیڈریشن بیس بال عائشہ ارم اعزازی مہمان تھیں۔ میچ کے آغاز سے قبل ایونٹ مینیجر جبران لودھی نے آرگنائزنگ کمیٹی میں شامل (MYL) مسلم یوتھ لیگ حیدرآباد ڈویژن کے صدر ارسلان محمدی، نائب صدر اسید پٹھان, اسپورٹس ونگ کے سیکریٹری عرفان حسین سولنگی، اسپورٹس کووآرڈینیٹر وزیر ندیم شیخ، ایس او اے کے ایسوسی ایٹ سیکریٹری پرویز احمد شیخ، کوآرڈینیٹر رمیزراجہ اور دیگر کے ہمراہ مہمانوں سے ٹیموں کا تعارف کرایا۔ اختتامی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے احمد علی راجپوت نے آرگنائزرز کو مبارکباد پیش کی۔ انکا کہنا تھا کہ کسی بھی سطح تک مقابلوں کا انعقاد نہ صرف کھیلوں کے فروغ میں اہم کردار ادا کرتا ہے بلکہ نئے ٹیلنٹ کے حصول اور مقابلے کی فضا پیدا کرنے کا سبب بنتا ہے۔ اس موقع پر مہمان خصوصی اور دیگر کو اجرک، اعزازی شیلڈز، ٹریک سوٹ پیش کئے گئے۔ جبکہ ٹیموں میں میڈلز، کٹس اور ٹرافیاں تقسیم کی گئیں۔ اس موقع پر میڈیا کووآرڈینیٹر پروفیسر عبدالواحد، ضلعی عہدیدار پروفیسر محمد کامران صدیقی، ٹائون صدور ضیغم عباس و اویس گدی اور دیگر موجود تھے ۔





