منڈی بہاؤالدین(ڈاکٹر شاہد راٹھور)ڈپٹی کمشنر ڈاکٹر فیصل سلیم کی زیر صدارت سکولز ایجوکیشن افسران کا اجلاس ڈی سی آفس کے کانفرنس روم میں منعقد ہوا۔ اجلاس میں سی ای او ایجوکیشن محمد اورنگزیب، ڈی ای اوز، ڈپٹی ڈی ای اوز سمیت دیگر متعلقہ افسران نے شرکت کی۔ اجلاس میں سی ای او ایجوکیشن، پرنسپل سپیشل ایجوکیشن سکول نے اجلاس کو سکولز ایجوکیشن ڈیپارٹمنٹ میں جاری اور نئی صلاحات و مسائل سمیت سکولز کی بہتری کیلئے کئے جانے والے اقدامات بارے تفصیلی آگاہ کیا۔ ڈپٹی کمشنر ڈاکٹر فیصل سلیم کا کہنا تھا کہ سکولز کی بحالی اور کوالٹی ایجوکیشن کی فراہمی ضلعی انتظامیہ کی اولین ترجیح ہے۔ انہوں نے ہدایت کی کہ سرکاری سکولز کی بہتری اور معیاری تعلیم کی بحالی کیلئے ہر ممکن اقدامات کئے جائیں۔ ڈپٹی کمشنر کا کہنا تھا کہ محکمہ کے تمام مثبت اور تعمیری کاموں میں نمایاں کوشش کرنے والے افسران اور ہیڈز کیلئے میرے لئے قابل احترام ہیں۔ انہوں نے ہدایت کی کہ حکومت کی جانب سے ڈیپارٹمنٹ میں جاری تمام اصلاحات کو پوری توانائی اور ایمانداری سے پایہ تکمیل تک پہنچایا جائے۔





