جہلم(چوہدری عابد محمود) ڈپٹی کمشنر جہلم سیدہ رملہ علی کی زیر صدارت پنجاب سٹیز پروگرام کے حوالے سے ایک اہم اجلاس منعقد ہوا۔جس میں ڈپٹی ڈائریکٹر لوکل گورنمنٹ، ایڈمنسٹریٹر میونسپل کمیٹی، میونسپل آفیسر اور دیگر نے شرکت کی۔ اس پروگرام کا مقصد شہری علاقوں میں بنیادی انفراسٹرکچر کی بہتری، صاف پانی کی فراہمی، نکاسی آب اور ویسٹ مینجمنٹ کو بہتر بنانا ہے۔ اس کے علاوہ سڑکوں کی تعمیر، پارکس کی بحالی اور سٹریٹ لائٹس کی تنصیب بھی اس پروگرام کا حصہ ہے۔ اجلاس کو بتایا گیا کہ پنجاب سٹی پروگرام کے تحت آئندہ ماہ میں ترقیاتی کام شروع ہو جائیں گے جس سے شہریوں کے بنیادی مسائل حل ہوں گے۔بعد ازاں ڈپٹی کمشنر جہلم سیدہ رملہ علی کی زیر صدارت محکمہ ماحولیات کا اجلاس منعقد ہوا جس میں محکمہ ماحولیات، واپڈا، اسسٹنٹ کمشنر جہلم، اسسٹنٹ کمشنر ایچ آر، میونسپل کمیٹی حکام اور دیگر نے شرکت کی۔ اجلاس میں دریائے جہلم پر لگائے گئے کرش پلانٹس کی موجودہ صورت حال، ریڈ زون میں کرشنگ کی شکایات کا جائزہ لیا گیا۔ ڈپٹی کمشنر سیدہ رملہ علی نے کہا کہ حکومت پنجاب کی ہدایت کے مطابق ریڈ زون اور ممنوعہ علاقوں میں چلنے والے پلانٹس کو فوری طور پر بند کروایا جائے اس حوالے سیجاری کردہ مقررہ مدت سے آگے بالکل اجازت نہیں دی جائے گی۔





