ستمبر 11, 2026

گجرات: ڈپٹی کمشنر صفدر حسین ورک کی ڈی پی او مستنصر عطاء باجوہ کے ہمراہ ضلعی امن کمیٹی کے ساتھ میٹنگ

گجرات: ڈپٹی کمشنر صفدر حسین ورک نے ڈی پی او گجرات مستنصر عطاء باجوہ کے ہمراہ امن کمیٹی کے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ چہلم امام حسینؑ اور شہداء کربلا کے موقع پر سکیورٹی، صفائی، اور نکاس آب کے جامع انتظامات کو حتمی شکل دے دی گئی ہے۔ انہوں نے علماء کرام، امن کمیٹی کے ممبران، اور شہریوں کے بھرپور تعاون کو سراہتے ہوئے کہا کہ ضلع گجرات ہمیشہ کی طرح اتحاد بین المسلمین کا مرکز اور امن و امان کا گہوارہ ثابت ہوگا۔ڈپٹی کمشنر نے مزید کہا کہ محرم الحرام کے دوران انتظامیہ اور پولیس کے ساتھ ضلعی امن کمیٹی کے ممبران خصوصاً علماء کرام کے مثالی ورکنگ ریلیشن شپ کی بدولت ضلع بھر میں لاء اینڈ آرڈر کی صورتحال مکمل کنٹرول میں رہی۔ چہلم کے موقع پر بھی اسی روایت کو برقرار رکھتے ہوئے اتحاد بین المسلمین کو فروغ دیا جائے گا۔انہوں نے بتایا کہ پولیس نے مجالس اور جلوسوں کے روٹس کی سکیورٹی کے لیے جامع پلان تیار کر لیا ہے۔ جلوس کے روٹس کی صفائی، پیچ ورک، اور روشنی کے انتظامات کے لیے میونسپل کارپوریشن کو ہدایات جاری کر دی گئی ہیں۔ علماء کرام پر زور دیا گیا کہ وہ اپنے خطبات میں اتحاد بین المسلمین اور بین المذاہب ہم آہنگی پر زور دیں، امن و سلامتی اور بھائی چارے کا پیغام دیں۔