جون 14, 2026

ڈاکٹر علامہ محمد طاہر القادری 5 روزہ دورے پر 28 اگست کو جاپان جائیں گے

تحریک منہاج القران کے سربراہ اور معروف مذہبی اسکالر پروفیسر ڈاکٹر علامہ طاہر القادری جاپان کے پانچ روزہ دورے پر 28 اگست کو جاپان پہنچ رہے ہیں۔اپنے دورہ جاپان میں علامہ ڈاکٹر محمد طاہر القادری بڑے اجتماع سے خطاب بھی کریں گے۔ تحریک منہاج القران جاپان کے صدر ملک ممتاز نے میڈیا کو بتایا ہے کہ علامہ ڈاکٹر محمد طاہر القادری عالم اسلام کی بڑی دینی شخصیت ہیں اور پوری دنیا میں ان کے چاہنے والے موجود ہیں۔حال ہی میں انہوں نے آسٹریلیا اور ملائشیا کے کامیاب دورے مکمل کیے ہیں اور جاپان میں مقیم پاکستانی مسلمانوں کی شدید فرمائش پر پروفیسر ڈاکٹر علامہ طاہر القادری صاحب 28 اگست کو جاپان پہنچے گے جس کے لیے تمام انتظامات مکمل کرلیے گئے ہیں۔ملک ممتاز کے مطابق پروفیسر ڈاکٹر محمد طاہر القادری کا جاپان کا یہ دورہ تاریخی ہوگا، اس دورے میں سب سے اہم پیس اینڈ یونٹی کانفرنس کا انعقاد ہوگا جس میں 15 سو افراد کے لیے جاپان کے گما کین کے اوتا سٹی میں ہال بک کرلیا گیا ہے۔ان کا کہنا ہے کہ ڈاکٹر طاہر القادری 20 سال کے طویل وقفے کے بعد جاپان آ رہے ہیں، ان کے ساتھ ان کے دونوں صاحبزادے ڈاکٹر حسن محی الدین قادری اور ڈاکٹر حسین محی الدین قادری کے علاوہ ان کے پوتے شیخ حماد المصطفیٰ بھی ہوں گے۔انہوں نے بتایا کہ ان کے دورے کے انتظامات منہاج القران جاپان اور منہاج القران ایشیا کونسل کے صدر علی عمران اور ڈائریکٹر منہاج القران جاپان رانا نفیس قادری کررہے ہیں جبکہ جاپان میں پاکستان کے سفیر رضا بشیر تارڑ کو بھی پیس اینڈ یونٹی کانفرنس میں شرکت کی دعوت دی گئی ہے۔اس کے علاوہ جاپان میں پاکستان کی تمام سیاسی جماعتوں کے رہنماوں کو بھی شرکت کی دعوت دی گئی ہے۔ملک ممتاز کے مطابق تویاما کین سے سینیئر پاکستانی لالہ رفاقت خان، دولت خان، سلام خان، ملک ساجد سمیت بڑی تعداد میں کمیونٹی رہنما ڈاکٹر محمد طاہر القادری کے استقبال کے لیے ٹوکیو پہینچیں گے جبکہ پورے جاپان سے پاکستانیوں کی بڑی تعداد پیس اینڈ یونٹی کانفرنس میں شرکت کے لیے یکم ستمبر کو گما کین کے اوتا سٹی ہال پہنچے گی۔