جون 14, 2026

جہلم:ڈپٹی کمشنر سیدہ رملہ علی کی سربراہی میں ڈسٹرکٹ ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹی اور ڈسٹرکٹ ایمرجنسی بورڈ کا اجلاس

جہلم(چوہدری سالک پسوال) ڈپٹی کمشنر جہلم سیدہ رملہ علی کی سربراہی میں ڈسٹرکٹ ڈزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹی اور ڈسٹرکٹ ایمرجنسی بورڈ کے اجلاس کا انعقاد ہوا۔ جس میں ممکنہ سیلاب کے پیش نظر تمام اقدامات کا جائزہ لیا گیا۔ دریائے جہلم کے اندر موجود تجاوزات کو ہٹانے کے لیے متعلقہ اسٹنٹ کمشنرز کی سربراہی میں محکمہ آبپاشی کو ہدایات جاری کیں۔ ڈپٹی ڈائریکٹر لوکل گورنمنٹ کو ہدایات جاری کیں کہ یونین کونسل سیکرٹریز کو فلڈ کے دوران ممکنہ انخلاء کے لیے انتظامات کرنے کی ہدایات کریں۔ محکمہ تعلیم اور محکمہ صحت کو فلڈ ریلیف کیمپس میں تمام بنیادی سہولیات فراہم کرنے کی ہدایات جاری کی۔ انجینئر سعید احمد ڈسٹرکٹ ایمرجنسی آفیسر ریسکیو 1122 نے سیلابی صورتحال میں پیدا ہونے والے حالات پر بریفنگ دی۔جس میں سیلابی صورتحال میں لوگوں کو ریسکیو کرنے کے حوالے سے موجود وسائل،فلڈ سیکٹرز کی تشکیل،ریسکیوز کی سیلاب زدہ علاقوں میں تعیناتی، ہنگامی حالات میں لوگوں کو انخلا،ڈوبتے ہوئے لوگوں کو بچانے اور ان کو فرسٹ ایڈ فراہم کرنے جیسے اقدامات کا بتایا گیا۔ ڈپٹی کمشنر جہلم نے کہا کہ مشکل حالات میں لوگوں کی مدد کرنا آسان کام نہیں ہے اور تمام متعلقہ اداروں کو سیلابی صورتحال میں لوگوں کو بہترین انداز میں اپنی سروسز فراہم کرنے کی تلقین کی۔