منڈی بہاؤالدین(ڈاکٹر شاہد راٹھور)وزیراعلیٰ پنجاب، چیف سیکرٹری پنجاب اور کمشنر گوجرانوالہ کی خصوصی ہدایت پر ڈپٹی کمشنر شاہد عمران مارتھ فیلڈ میں متحرک، ڈپٹی کمشنر نے چیلیانوالہ میں تجاوزات کے خلاف جاری آپریشن سمیت مختلف جاری ترقیاتی سکیموں گورنمنٹ ایسوسی ایٹ گرلز کالج،پرائمری سکول فار گرلز، بوائز سکول سمیت پبلک ہیلتھ کی جاری سکیموں کا معائنہ کیا۔انہوں نے جاری ترقیاتی سکیموں کے کام کی کوالٹی اور رفتار کا جائزہ لیا اور متعلقہ محکموں کے افسران کو ضروری ہدایات جاری کیں۔ڈپٹی کمشنر کو متعلقہ محکموں کے افسران نے جاری ترقیاتی منصوبوں بارے تفصیلی بریفنگ دی۔ڈپٹی کمشنر شاہد عمران مارتھ کا کہنا تھا کہ عام آدمی کو سیوریج، واٹر سپلائی،سکول و کالج اور معیاری روڈ نیٹ ورک کی سہولیات فراہم کرنا حکومت کی اولین ترجیح ہو تی ہے،جس کو خلوص نیت اور قومی تعمیر کے جذبے سے پایہ تکمیل تک پہنچایا جائے گا۔مفاد عامہ کے منصوبوں کی تکمیل کی راہ میں کسی بھی قسم کی مشکلات حائل نہیں ہونے دیں گے۔ ڈپٹی کمشنر نے سختی سے ہدایت کی کہ عوامی فلاح و بہبود کے ان منصوبہ جات کو مقررہ معیار اور مدت کے اندر مکمل کیا جائے۔ غیر معیاری تعمیراتی مٹیریل اور تاخیر کسی صورت قابل قبول نہیں ہو گی۔انہوں نے ہدایت کی کہ ترقیاتی محکموں کے سربراہان جاری منصوبوں کے تمام پہلووں پر کڑی نظر رکھیں۔ کام ٹھیکیداروں پر چھوڑنے کی بجائے افسران سکیموں کی خود نگرانی کریں۔





