گجرات(نمائندہ خصوصی) انڈسٹریل ورکرز میں شادی گرانٹ و سکالرشپ کے چیک تقسیم کی تقریب محکمہ لیبر و ہیومن ریسورس کے دفتر میں منعقد ہوئی، ڈپٹی کمشنر صفدر حسین ورک نے انڈسٹریل ورکرز میں چیک تقسیم کئے، ضلعی چیئرمین پنجاب بیت المال چوہدری مدثر وڑائچ، ڈپٹی ڈائریکٹر لیبر محمد عثمان علی، لیبر آفیسرز محمد شہزاد، طاہر وڑائچ، جعفر اقبال، لیبر انسپکٹر علی رضا اس موقع پر موجود تھے۔ ڈپٹی کمشنر صفدر حسین ورک نے کہا کہ 70 ورکرز کو سکالرشپ کی مد میں 26 لاکھ 54 ہزار روپے کے چیک دئیے گئے ہیں جبکہ شادی گرانٹ کی مد میں 6 ورکرز کو 12 لاکھ روپے کے چیک دیئے گئے ہیں،انڈسٹریل ورکرز ہمارا اثاثہ ہیں انہی کی بدولت معیشت کا پہیہ چل رہا ہے، حکومت پنجاب صنعتی ورکرز کی فلاح و بہبود کے لیے بہترین اقدامات کررہی ہے، محکمہ لیبر کے ساتھ رجسٹرڈ مزدوروں کو بچوں کی شادی اور اعلی تعلیم کے لیے شادی گرانٹ اور سکالرشپ فراہم کی جارہی ہے، رجسٹرڈ مزدوروں کو شفاف انداز میں آن لائن سسٹم کے ذریعے شادی گرانٹ اور سکالرشپ فراہم کی جارہی ہے، ڈپٹی کمشنر صفدر حسین ورک نے کہا کہ محکمہ لیبر انڈسٹریز میں کم از کم تنخواہ کی فراہمی یقینی بنائی جائے اور انڈسٹری میں لیبر کی فلاح و بہبود اور راہنمائی کے لیے مکمل معاونت فراہم کی جائے۔





