منڈی بہاؤالدین(ڈاکٹر شاہد راٹھور) ڈسٹرکٹ پاپولیشن ویلفیئر آفیسر عتیق الرحمن نے بتایا ہے کہ وزیر اعلی پنجاب مریم نواز شریف کے ویژن اور ڈپٹی کمشنر شاہد عمران مارتھ کی زیر نگرانی محکمہ بہبود آبادی کے زیر اہتمام ضلع منڈی بہاوالدین میں عالمی ہفتہ آبادی 8جولائی تا 13جولائی 2024بھر پور طریقے سے منایا جا رہا ہے۔ اس حوالے سے ڈسٹرکٹ سطح پر شیڈول جاری کر کے ضلع کی تینوں تحصیلوں کے 15 مختلف فلاحی مراکز پر سٹیک ہولڈرز کے ساتھ جبکہ فیملی ہیلتھ کلینکس پر شادی شدہ خواتین کے ساتھ بڑھتی ہوئی آبادی کے مضمرات پر آگاہی سیشینز کا انعقاد کیا جا رہا ہے۔انہوں نے بتایا کہ 11جولائی 2024کو ضلع کونسل ہال میں عالمی یوم آبادی پر سیمینار کا انعقاد کیا جائے گا،جس کے مہمان خصوصی ڈپٹی کمشنر شاہد عمران مارتھ ہوں گے۔ ڈسٹرکٹ پاپولیشن ویلفیئر آفیسر کا کہنا تھا کہ یہ ہفتہ منانے کا بنیادی مقصد عوام الناس میں خواتین اور بچوں کی صحت اور حقوق کے تحفظ، بڑھتی ہوئی آبادی کے مسائل اجاگر کرنا، ماں بچے کی صحت کے حوالے سے احتیاطی تدابیر، ماں بچے کی صحت کے لیے بچوں کی پیدائش کم از کم 3 سال وقفہ، جدید مانع حمل طریقوں اور ادویات کے استعمال بارے آگاہی فراہم کرنا اور نوزائیدہ بچوں کے لیے ماں کے دودھ کی اہمیت بارے شعور اجاگر کرنا ہے۔





