نومبر 3, 2026

جہلم: اکاؤنٹنٹ جنرل پنجاب کے احکامات کھوہ کھاتے

جہلم(رپورٹ چوہدری عابد محمود)جہلم اکاؤنٹنٹ جنرل پنجاب کے احکامات کھوہ کھاتے، ڈسٹرکٹ اکاؤنٹس آفس جہلم نے اکاؤنٹنٹ جنرل کے احکامات ردی کی ٹوکری میں پھینک دیئے، جہلم کے میل وفی میل کالجز کے پرنسپلزاور عملے کے لیے اعزازیہ کے طورپر آنے والی رقم ڈسٹرکٹ اکاؤنٹس آفس کے ایک آفیسر اور اسکے ماتحت ملازم کی ناقص حکمت عملی اور میں نہ مانوں کی پالیسی کے سبب ملازمین تک نہ پہنچ سکی۔ کالجز کے سینئر پرنسپلز، پروفیسرزاورکلریکل سٹاف اکاونٹس آفس کے متعلقہ ذمہ داران کے خلاف سراپا احتجاج، کالجز کا عملہ پچھلے 4 دنوں سے لگاتار علی الصبح سے شام تک اکاؤنٹس آفس کے باہراپنی باری آنے کا انتظار کرتا رہا اس طرح تھک ہار کر شام کو اپنے گھروں کو چلے جاتے، کالجز کے پرنسپلز اور کلریکل سٹاف ڈسٹرکٹ اکاؤنٹس آفس کی ناقص حکمت عملی کے خلاف سراپا احتجاج بن گئے اور انھوں نے اخبار نویسوں سے گفتگو کرتے ہوئے بتایا کہ اکاؤنٹنٹ جنرل پنجاب نے جہلم سمیت پنجاب بھر کے تمام ڈسٹرکٹ اکاؤنٹس آفیسران کو کالجز کے پرنسپلز، پروفیسرز، کلریکل سٹاف کو 27 جون سے قبل اعزازیہ ٹی اے ڈی اور دیگر واجبات ادا کرنے کے احکامات جاری کئے، جس پر متعلقہ ذمہ داران سے رابطہ قائم کرکے لیٹر موصول کروایا گیا اس طرح ڈسٹرکٹ اکاؤنٹس آفس کے متعلقہ ذمہ داران مسلسل 4 روز تک لالی پاپ دیتے رہے، اس طرح مقررہ تاریخ گزرنے کے بعد ڈسٹرکٹ اکاؤنٹس آفس کے عملے نے کورا جواب دیکر ملازمین کو اعزازیہ کی رقم سے محروم کردیا۔ جس کیوجہ سے 365 دن خدمات سرانجام دینے والے ملازمین کے چہروں پر مایوسی کے آثار نمایاں تھے۔ ایپکا جہلم کے ذمہ داران نے اکاؤنٹنٹ جنرل پنجاب سے مطالبہ کیاہے کہ ضلع جہلم ڈسٹرکٹ اکاؤنٹس آفس میں نافذ جنگل کے قانون کے خاتمے کے لئے فرض شناس ایماندار ذمہ داران کو تعینات کیا جائے جو ملازمین کی مشکلات میں اضافے کی بجائے کمی کا باعث بنیں۔