جہلم(چوہدری ظفرنور)جہلم مزدور رہنما سابق صدر پنجاب پی ڈبلیو ڈی ایمپلائز یونین محمد افضل بلوچ نے کہا ہے کہ بڑھتی ہوئی مہنگائی کی وجہ سے تنخواہ دار طبقہ انتہائی پریشان اور مشکلات کا شکار ہوچکا ہے۔ ضلع بھر میں ہزاروں پنشنرز انتہائی کسمپرسی کی زندگی گزارنے پر مجبور ہو چکے ہیں، حکومت بجٹ 2024 میں مزدوروں کی تنخواہوں میں مہنگائی کے تناسب سے اضافہ کرے اور پنشنرز نے اپنی زندگیاں وطن عزیز کی خدمت میں گزاری ہیں ان کے بڑھاپے کا واحد سہارا پنشن ہے، ان خیالات کا اظہار انہوں نے گزشتہ روز جہلم پریس کلب بذریعہ ٹیلیفونک گفتگو کرتے ہوئے کیا۔ انہوں نے کہا کہ بجٹ میں پنشنرز کو نظر انداز کر دیا جاتا ہے جس کے باعث پنشنرز کی حالت انتہائی قابل رحم ہوچکی ہے، ان کی گزر بسر پنشن کی قلیل رقم پر ہوتی ہے، ا نھوں نے کہا حکومت وقت سے مطالبہ کیا ہے کہ پنشنرز کی پنشن میں غیر معمولی اضافہ کرتے ہوئے سوئی گیس، بجلی، ایف آئی اے کے ملازمین کی طرح صوبہ پنجاب کے ریٹائرڈ ملازمین کو بھی مراعات اور پنشن میں اضافہ کیاجائے تا کہ زندگی کی آخری سانسیں لینے والے بزرگ افراد اپنا گزر بسر بہتر انداز میں کر سکیں۔





