نومبر 3, 2026

جہلم:عیدالاضحی کی آمد، ضلع بھر میں 5مویشی منڈیاں قائم،شہر میں لگی تمام منڈیاں بھی آبادی سے باہر منتقل کرنے کا حکم

جہلم(چوہدری عابد محمود)عیدالاضحی کے موقع پر قربانی کے لیے مویشیوں کو خرید نے کے لیے ضلع بھر میں 5مویشی منڈیاں قائم کر دی گئیں۔ ڈپٹی کمشنر سیدہ رملہ علی کے حکم پر منڈیاں سجادی گئیں۔ تفصیلات کے مطابق شہر میں جگہ جگہ قربانی کے لیے مویشی فروخت کرنے والوں نے اپنے مویشی لارکھے ہیں جس سے نہ صرف شہر میں گندگی بلکہ بیماریاں بھی پھیل رہی تھیں۔ جس پر حکومت پنجاب کے احکامات پر ڈی سی سیدہ رملہ علی نے ضلع بھر میں عید الضحیٰ کے موقع پر5 مویشی منڈیاں قائم کر کے شہر میں لگائی گئیں تمام مویشی منڈیوں کو شہر سے باہر منتقل کرنے کا حکم جاری کیا۔ مویشی منڈی برلب جی ٹی روڈ کالا گجراں فوجی مل گراؤنڈ میں قائم کردی گئی ہے جس کی صفائی ستھرائی اور دیکھ بھال کے لیے میونسپل کمیٹی کے چیف آفیسر، چیف سینٹری انسپکٹر اور سینٹری سٹاف کے ہمراہ فوجی مل گراؤنڈ کو صاف کر کے شامیانے لگوادیئے ہیں۔ اسی طرح وٹنری ڈاکٹرز کا کیمپ بھی لگادیا گیاہے۔ جبکہ ضلعی انتظامیہ کی طرف سے خریداروں کی شکایات کے اذالے کے لئے ایک شکایت سیل بھی قائم کیا گیاہے، مویشی منڈی میں خریداروں کی سہولت کو مدنظررکھتے ہوئے منڈی میں پانی،روشنی کی سہولت بھی فراہم کی گئی ہے، ڈپٹی کمشنر سیدہ رملہ علی نے بتایا کہ تحصیل دینہ میں 2 مویشی منڈیاں، تحصیل سوہاوہ اور پنڈ دادنخان میں ایک ایک مویشی منڈی لگائی گئی ہے۔ جبکہ ان منڈیوں میں ڈسٹرکٹ پولیس آفیسر ناصر محمود باجوہ کے احکامات پر فول پروف سیکورٹی کے انتظامات کیے گئے ہیں تاکہ مویشی خریداری کے لئے آنے والے گاہکوں اور بیوپاریوں کو ہر قسم کا تحفظ فراہم کیا جائے۔