نومبر 3, 2026

منڈی بہاؤالدین:ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر فنانس حافظ غلام مرتضیٰ کی زیر صدارت ڈسٹرکٹ کوآرڈی نیشن کمیٹی برائے پاپولیشن کا ماہانہ اجلاس

منڈی بہاؤالدین(ڈاکٹر شاہد راٹھور)ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر فنانس حافظ غلام مرتضیٰ کی زیر صدارت ڈسٹرکٹ کوآرڈی نیشن کمیٹی برائے پاپولیشن کا ماہانہ اجلاس ڈی سی کمپلیکس کے کانفرنس روم میں منعقد ہوا۔ اجلاس میں ڈسٹرکٹ پاپولیشن ویلفیئر آفیسر عتیق الرحمٰن اور دیگر متعلقہ محکموں کے افسران نے شرکت کی۔ڈی او پاپولیشن عتیق الرحمٰن نے اجلاس کو بریفنگ دیتے ہوئے بتایا کہ رواں ماہ کے دوران محکمہ بہبود آبادی نے ضلع کی تینوں تحصیلوں میں دور دراز مقامات پرسپیشل فیملی پلاننگ کیمپس لگائے، جہاں مانع حمل ادویات اور دیگر سہولیات فراہم کی گئیں۔اس کے علاوہ سکولز اور کالجز میں آگاہی سیمینارز کا انعقاد کیا گیا۔انہوں نے میڈیکل کیمپس، سٹاف کی ٹریننگ سمیت دیگر سروسز بارے بھی آگاہ کیا۔ ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر فنانس حافظ غلام مرتضیٰ کا کہنا تھا کہ حکومت پنجاب آبادی میں بے ہنگم اضافہ کی روک تھام کیلئے اصلاحی و انتظامی اقدامات کر رہی ہے کیونکہ وسائل اور آبادی کے توازن کو برقرار رکھ کر ہی ملکی ترقی ممکن ہو سکتی ہے، بلاشبہ محکمہ بہبود آبادی کا بنیادی کام ہی عوام الناس کو مختلف طریقوں سے آمادہ کر کے خاندانی منصوبہ بندی پر عملدرآمد کروانا ہے۔انہوں نے متعلقہ افسران کو ہدایت کی کہ شہری علاقوں کے ساتھ ساتھ دیہاتی علاقوں میں بھی بھر پور آگاہی مہم چلائی جائے۔