نومبر 3, 2026

ہم سب نے مل کر ضلع کی بہتری اور خوشحالی کے لیے کام کرنا ہے سیدہ رملہ علی

جہلم(چوہدری سالک پسوال)جہلم ڈسٹرکٹ کوارڈینیشن کمیٹی کا اجلاس، ضلع میں امن و امان، ترقیاتی منصوبوں،عوامی مسائل حل کرنے پر تفصیلی تبادلہ خیال، تفصیلات کے مطابق ڈسٹرکٹ کوارڈینیشن کمیٹی کا خصوصی اجلاس گزشتہ روز ڈی سی آفس میں منعقد ہوا اجلاس کی صدارت ڈپٹی کمشنر جہلم سیدہ رملہ علی، ایم این اے بلال کیانی اور ایم این اے فرخ الطاف نے کی۔ اجلاس میں آئندہ مالی سال کے دوران ضلع جہلم میں عوامی مسائل حل کرنے، سڑکوں، صحت، تعلیم کے ترقیاتی منصوبوں، امن وامان اور دیگر متعلقہ معاملات پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا۔ اجلاس میں ضلع میں جاری ترقیاتی منصوبوں کو جلد از جلد مکمل کرنے اور عوامی سہولیات کے لیے ان کو فعال بنانے کے لیے لائحہ عمل بنانے پر گفتگو کی گئی۔ ممبران قومی اسمبلی نے اپنے حلقوں میں عوامی مسائل اور امن و امان کی موجودہ صورتحال پر اجلاس کو بریفنگ دی۔ اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے ڈی سی جہلم سیدہ رملہ علی نے کہا کہ ہم سب نے مل کر ضلع کی بہتری اور خوشحالی کے لیے کام کرنا ہے ممبران اسمبلی اپنے حلقوں میں عوامی مسائل کو فوری حل کریں تاکہ پنجاب حکومت کے ویژن کے مطابق شہریوں کو سہولت فراہم کی جا سکے۔