نومبر 3, 2026

جہلم:بھوسے سے لدے اوور لوڈ ٹرک جی ٹی روڈ پر سفر کرنیوالے مسافروں سمیت شہریوں کیلئے وبال جان بن گئے

جہلم(چوہدری عابد محمود)بھوسے سے لدے اوور لوڈ ٹرک جی ٹی روڈ سمیت اندرون ضلع کی سڑکوں پررواں دواں، جی ٹی روڈ پر سفر کرنے والے مسافروں سمیت شہریوں کیلئے وبال جان بن گئے،پٹرولنگ پولیس اور ٹریفک پولیس کی عدم دلچسپی کیوجہ سے شہریوں و مسافروں کی زندگیاں داؤ پر لگ گئیں، شہریوں نے پٹرولنگ پولیس و موٹر وے پولیس سے نوٹس لینے کا مطالبہ کردیا۔ تفصیلات کے مطابق بھوسے سے لدے اوور لوڈ ٹرک جی ٹی روڈ سمیت اندرون ضلع کی سڑکوں پر موت کا رقص کرتے دکھائی دیتے ہیں۔ جبکہ موٹر وے پولیس و پٹرولنگ پولیس کے ذمہ داران نے مکمل لا تعلقی اختیار کررکھی ہے جس کیوجہ سے شہریوں کو آمدورفت میں شدید مشکلات کا سامنا ہے۔ چھوٹی گاڑیوں، موٹر سائیکل سواروں کا کہناہے کہ بااثر ٹرک ڈرائیوروں نے مقررہ وزن سے کئی سو فیصد اضافی وزن لوڈ کرکے اوپر ترپال ڈالنے کی بجائے کھلا چھوڑرکھاہے، ٹرکوں سے اڑنے والے بھوسے، گردو غبار سے شہریوں کو آشوب چشم سمیت دیگر امراض لاحق ہونے کا خطرہ ہے۔ شہریوں نے آئی جی موٹر وے پولیس، انسپکٹر جنرل پنجاب پولیس سے مطالبہ کیاہے کہ اوورلوڈ بھوسہ و دیگر تعمیراتی مٹیریل والے ٹرک ڈرائیوروں کے خلاف کارروائیاں کی جائیں تاکہ شہریوں کی زندگیوں کو پیش آنے والی مشکلات کا خاتمہ ممکن ہو سکے۔