نومبر 3, 2026

ڈنگہ: میاں محمد افضل حیات میموریل ٹراما سنٹر ڈنگہ کی عمارت 2سال سے حتمی فنشنگ،علامہ اقبال گرلز ہائی سکول کولیاں روڈ کی عمارت کلاسز کے آغازکی منتظر

ڈنگہ(احتشام اللہ اسلم) میاں محمد افضل حیات میموریل ٹراما سنٹر ڈنگہ کی تکمیل شدہ عمارت دوسال سے حتمی فنشنگ کی منتظر۔ تفصیلات کے مطابق سابق ایم پی اے میاں محمد اختر حیات اور سابق ایم این اے سید فیض الحسن شاہ نے حادثات اور قدرتی آفات میں شدید زخمی ہونیوالے شہریوں کے علاج معالجہ کیلئے ٹراما سنٹر ڈنگہ کی تعمیر کیلئے 14 کروڑروپے کی لاگت سے کام کا آغاز کروایا۔ عمارت کی تعمیر تیزی سے جاری تھی اور عمارت کا 80 سے 90 فیصد کام مکمل ہو چکا تھا کہ پی ٹی آئی کی حکومت تبدیل ہو جانے پر بھرتی، الیکٹرک وائرنگ اور فنشنگ کا باقی ماندہ کام رُک گیا۔ بعد ازاں ڈپٹی کمشنر گجرات نے بھی دو بار عمارت کا وزٹ کیا لیکن ڈنگہ سمیت علاقہ بھر کیلئے بڑی سہولت والا ادارہ ٹراما سنٹر تکمیل کے انتظار میں کھڑا ہے۔ جس طرح گورنمنٹ علامہ اقبال گرلز ہائی سکول نمبر 2 کولیاں روڈ کی عمارت 6 سال سے مکمل ہو کر کلاسز کے آغاز کا انتظار کر رہی ہے اسی طرح یہ ٹراما سنٹر بھی بغیر فعال ہوئے گرنے کی طرف عازم سفر ہے۔ عوامی حلقوں کا کہنا ہے کہ ان دونوں عمارتوں پر عوامی ٹیکسز سے کروڑوں روپے لگا کر ان کی تعمیر مکمل کروائی گئی لیکن تاحال ان کو فعال نہیں کروایا جا سکا۔ سیاسی قائدین بھی دوسروں کے شروع کردہ منصوبے جان بوجھ کر نظر انداز کر کے عوامی فنڈ ز کا زیاں کرتے ہیں۔ مطالبہ ہے کہ ان دونوں عمارتوں کی حتمی فنشنگ مکمل کر کے دونوں کو فعال کیا جائے۔