نومبر 3, 2026

منڈی بہاؤالدین: ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر ریونیو ذوالفقار احمد اور ڈی ایس پی ہیڈ کوارٹرز ڈاکٹر ممتاز کی زیر صدارت ضلعی امن و بین المذاہب ہم آہنگی کمیٹی کا اجلاس

منڈی بہاؤالدین(ڈاکٹر شاہد راٹھور) وزیراعلی پنجاب مریم نواز شریف کی ہدایت پر ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر ریونیو ذوالفقار احمد اور ڈی ایس پی ہیڈ کوارٹرز ڈاکٹر ممتاز کی زیر صدارت ضلعی امن و بین المذاہب ہم آہنگی کمیٹی کا اجلاس ڈی سی آفس  میں منعقد ہوا۔ اجلاس میں اسسٹنٹ کمشنر ملکوال محمد ریاض، پولیس افسران، ممتاز علمائے کرام، اقلیتی ممبرز اوردیگر متعلقہ محکموں کے افسران نے شرکت کی۔ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر ریونیو ذوالفقار احمد اور ڈی ایس پی ہیڈ کوارٹرز ڈاکٹر ممتاز کا اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کہنا تھا کہ ضلع منڈی بہاوالدین امن و امان کے لحاظ سے ایک مثالی ضلع ہے ، اس میں تمام مذاہب اور مسالک کے درمیان اتفاق رائے اور بھائی چارہ پایا جاتا ہے ۔

ان کہنا تھا کہ ہمارا دین امن و سلامتی کا دین ہے ، جوصبرو تحمل، رواداری ،اتفاق و اتحاد اور بھائی چارے کا درس دیتا ہے۔ اس وقت ملک کو انتشار نہیں بلکہ ہم آہنگی کی ضرورت ہے،ہم سب کو اجتماعی کوششیں کرنا ہونگی تاکہ شرپسند عناصر کے مذموم عزائم کو خاک میں ملایا جا سکے۔ان کا مزید کہنا تھا کہ پاکستان میں تمام مذاہب کے لوگوں کو مکمل مذہبی آزادی حاصل ہے اورایک دوسرے کے مذہب کا احترام کیا جاتا ہے۔ اجلاس میں مسیحی بھائیوں کی عبادت گاہوں کی سکیورٹی بڑھانے کا بھی فیصلہ کیا گیا۔ اجلاس میں علمائے کرام اور دیگر ممبران نے اپنے اپنے خیالات کا اظہار کیااور امن و امان کی فضا بر قرار رکھنے میں ضلعی انتظامیہ کا بھر پور ساتھ دینے کی یقین دہانی کروائی۔