اسلام آباد (نمائندہ خصوصی ) چیئرمین سینٹ سید یوسف رضا گیلانی نے کہا ہے کہ پاکستان کے سب سے بڑے ایوان سینٹ کا چیئرمین بننا میرے لیے ایک بڑا اعزاز ہے میں قائد عوام ذوالفقار علی بھٹو شہید کا ایک ادنی سا ورکر ہوں اور شہید کے مشن کی تکمیل کے لیے ہمہ تن کوشاں ہوں اور رہوں گا۔ صحافی ملک اور قوم کا قیمتی سرمایہ ہیں اور ہم نے ہمیشہ مثبت صحافت کرنے والوں کی حوصلہ افزائی کی ہے ان خیالات کا اظہار انہوں نے سینئر صحافی، گولڈ میڈلسٹ حکومت پاکستان بانی و مرکزی صدر پاک انٹرنیشنل میڈیا الائنس (رجسٹرڈ) سید حفیظ سبزواری کے نام اپنے خصوصی اور ذاتی خط میں کیا
سید یوسف رضا گیلانی نے کہا کہ آج کے کٹھن دور میں صحافت پھولوں کی مالا نہیں کانٹوں کی سیج ہے اور عظیم ہیں وہ صحافی جو کہ جنون کی حد تک بے لوث خدمت انسانیت کو شعار بنا کر خلوص نیت سے صحافت جیسے عظیم پیشہ کو سرانجام دے رہے ہیں ماضی گواہ ہے کہ میں نے ہمیشہ پاکستان اور عوام کی بہتری اور ترقی کے لیے ہر فورم پر اپنا مثالی کردار ادا کیا اور اس سلسلہ کو جاری رکھوں گا، سید یوسف رضا گیلانی نے سید حفیظ سبزواری کو لکھا کہ آپ نے مجھے جو مبارکباد کا لیٹر تحریر کیا میں نے اسے غور سے پڑھا اور یہ محسوس کیا کہ آپ جیسے مخلص صحافیوں کی اس دنیا میں کمی ہے آپ کے تحریر کردہ قیمتی۔ جاندار۔بے مثال اور یادگار الفاظ نہ صرف میرے دل میں پیوست ہوچکے ہیں بلکہ میں انہیں ہمیشہ یاد رکھوں گا میں آپ کا صمیم قلب اور نیک جذبات و احساسات کے ساتھ بہت زیادہ مشکور ہوں اللہ رب العزت آپ کی زندگی میں مزید نکھار لائے اور آپ کو صحت کاملہ عطا فرمائے میری دعائیں ہمیشہ آپ کے ساتھ رہیں گی امید ہے کہ آپ آئندہ بھی میری حوصلہ افزائی فرماتے رہیں گے یاد رہے کہ مرکزی صدر پاک انٹرنیشنل میڈیا الائنس رجسٹرڈ سید حفیظ سبزواری نے چیئرمین سینٹ منتخب ہونے پر سید یوسف رضا گیلانی کو مبارکباد کا خط تحریر کیا تھا جس میں ان کو زبردست خراج تحسین پیش کیا گیا اس خط کے جواب میں سید یوسف رضا گیلانی نے اپنے خیالات کا اظہار بہت اچھے اور یادگار الفاظ سے کیا




