نومبر 3, 2026

جامعہ گجرات کے زیر اہتمام تقریب تقسیم انعامات کا انعقاد

گجرات () جامعہ گجرات کی ڈائریکٹوریٹ برائے سپورٹس کے زیر اہتمام منعقدہ فیکلٹی بمقابلہ ایڈمنسٹریٹو سٹاف سپورٹس چیمپیئن شپ کے سلسلہ میں تقریب تقسیم انعامات کا انعقاد علامہ اقبال ہال میں ہوا۔ ان مقابلوں میں جامعہ گجرات کی تمام فیکلٹیوں کے اساتذہ و سٹاف اورانتظامی دفاتر کے سٹاف نے بھرپور جوش و جذبہ سے شرکت کی۔مقابلہ جات میں کرکٹ، رسہ کشی اور اتھلیٹکس کی مرد ٹیموں نے حصہ لیا۔ مقابلوں کے اختتام پر منعقدہ تقریب تقسیم انعامات کے مہمان خصوصی رجسٹرار محمد نعیم بٹ تھے۔ میزبانی کا فریضہ ڈپٹی ڈائریکٹر سپورٹس اخلاق احمد خاں اور سپورٹس افسر ناصرہ پروین نے سرانجام دیا۔ محمد نعیم بٹ نے کہا کہ جسمانی صحت انسان کو چست و توانا رکھتی ہے۔ کھیل جسمانی چستی اور ذہنی صحت کے حصول کا بہترین وسیلہ ہیں۔دفاتر میں کام کرنے والے ملازمین کے لیے کھیل جیسی سرگرمیاں لازم ہیں۔ اخلاق احمد خاں نے مختلف انتظامی دفاتر کی بھرپور معاونت کا پُر زور الفاظ میں شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ کھیل کے میدان میں طلبہ، اساتذہ اور دفاتر میں کام کرنے والے ملازمین کی حوصلہ افزائی ضروری ہے۔ڈائریکٹوریٹ برائے سپورٹس بہترین خدمات سرانجام دیتے ہوئے مختلف سطح پر جامعہ گجرات کا نام روشن کر رہی ہے۔ سپورٹس چیمپیئن شپ میں کرکٹ کے میدان میں ایڈمنسٹریٹو سٹاف (رجسٹرار آفس) کی ٹیم فاتح رہی جبکہ قائد اعظم لائبریری کی ٹیم نے رنر اپ کا اعزاز حاصل کیا۔ رسہ کشی کے مقابلوں میں ٹرانسپورٹ آفس فاتح رہی جبکہ سکیورٹی ڈیپارٹمنٹ کی ٹیم رنر اپ رہی۔ اتھلیٹکس کے مقابلہ جات شاٹ پٹ میں عمران علی اول،ڈاکٹر جہانزیب دوم جبکہ اسد منیر سوم پوزیشن کے حقدار قرار پائے۔لانگ جمپ میں محمد نواز نے پہلی،فہد سہیل نے دوسے اور ملک فریاد نے تیسری پوزیشن حاصل کی۔100میٹر ریس میں فہد سہیل اول،محمد عثمان دوم اورڈاکٹر جہانزیب سوم رہے۔فہد سہیل نے بہترین اتھلیٹ جبکہ محمد شہباز نے بہترین بیٹسمین کا اعزاز اپنے نام کیا۔ محمد نعیم بٹ نے فاتح ٹیموں کو ٹیم ٹرافی اور رنر اپ ٹیموں کو شیلڈیں پیش کیں۔