جی ایچ کیو میں 20 ویں نیشنل ورکشاپ بلوچستان کے شرکاء سے خطاب کرتے ہوئے فیلڈ مارشل عاصم منیر نے کہا ہے کہ بلوچستان پاکستان کا فخر اور بے پناہ قدرتی وسائل سے مالا مال خطہ ہے، جہاں کے محب وطن اور باہمت عوام اس کی اصل طاقت ہیں۔ انہوں نے اس بات پر زور دیا کہ وفاقی اور صوبائی حکومتوں کے ترقیاتی منصوبوں کا بنیادی مقصد صوبے کے سماجی و معاشی منظرنامے کو مکمل طور پر تبدیل کرنا ہے، جس کے لیے قومی اتحاد اور ثابت قدمی انتہائی ضروری ہے۔
فیلڈ مارشل کا کہنا تھا کہ سکیورٹی فورسز اور قانون نافذ کرنے والے اداروں کی مسلسل کوششیں عوام کی بھرپور حمایت سے بلوچستان میں دیرپا امن کو یقینی بنائیں گی۔ انہوں نے واضح کیا کہ فتنہ الخوارج اور فتنہ الہندوستان کے خلاف ٹارگٹڈ آپریشنز دہشت گردی اور اس کے تمام سہولت کاروں کے مکمل خاتمے تک پوری قوت اور عزم کے ساتھ جاری رہیں گے۔





