وفاقی وزیر دفاع خواجہ آصف نے گفتگو کرتے ہوئے کہا ہے کہ پاکستان پیپلزپارٹی اور مسلم لیگ (ن) کے درمیان سیاسی دراڑیں موجود ہیں، تاہم موجودہ سیاسی سیٹ اپ کے خاتمے کی اس وقت کوئی نشانیاں دکھائی نہیں دے رہیں۔ انہوں نے ڈی جی آئی ایس پی آر کے بیان کی مکمل توثیق کرتے ہوئے کہا کہ موجودہ حالات میں ہائبرڈ نظام کی کامیابی میں ہی ملک کی نجات پوشیدہ ہے۔ ایک سوال کے جواب میں انہوں نے واضح کیا کہ وزیر داخلہ محسن نقوی اور ڈی جی آئی ایس پی آر کے بیانات میں فرق ضرور ہے کیونکہ وزیر داخلہ کے بیان کا ایک سیاسی پہلو بھی ہے اور وہ ساڑھے تین سال سے اس سسٹم کا حصہ ہیں۔
خواجہ آصف نے ماضی کے تجربات کا ذکر کرتے ہوئے کہا کہ وہ مختلف ادوار میں حکومتوں کا حصہ رہے ہیں اور اس کی مکمل ذمہ داری قبول کرتے ہیں، ساتھ ہی انہوں نے سوال اٹھایا کہ کیا قائدِ نواز شریف نے ماضی کی حکومتوں میں کارکردگی نہیں دکھائی؟ انہوں نے مزید کہا کہ وہ اداروں کو نہیں بلکہ افراد کو قصوروار ٹھہراتے ہیں، چاہے وہ سیاستدان ہوں یا اس وقت کی عسکری اسٹیبلشمنٹ سے تعلق رکھنے والے اشخاص ہوں۔





