کھاریاں (قاری نصیر احمد کلیار) گجرات کے عزیز بھٹی شہید ٹیچنگ ہسپتال میں مریضوں کے ساتھ آنے والے لواحقین کی سہولت کے لیے ایک جدید اور آرام دہ انتظار گاہ کا افتتاح کر دیا گیا ہے۔ یہ سہولت ہسپتال کے رشیدہ شفیع ٹراما سینٹر کے احاطے میں مخیر حضرات کے تعاون سے قائم کی گئی ہے، جس کا مقصد شدید گرمی اور بارش جیسے موسمی حالات میں مریضوں کے تیمار داروں کو ایک محفوظ اور پرسکون انتظار گاہ فراہم کرنا ہے۔
افتتاحی تقریب میں ڈپٹی کمشنر گجرات محترمہ نورالعین قریشی اور میاں خورشید احمد نے باقاعدہ فیتہ کاٹا، جبکہ اس موقع پر میڈیکل سپرنٹنڈنٹ ڈاکٹر سعود افضل سمیت سماجی و کاروباری شخصیات نے بڑی تعداد میں شرکت کی۔ ڈپٹی کمشنر نے عوامی فلاح کے اس اقدام میں نجی شعبے کے کردار کو سراہتے ہوئے ضلعی انتظامیہ کی جانب سے طبی سہولیات کی بہتری کے عزم کا اعادہ کیا، جبکہ ہسپتال انتظامیہ نے مخیر شخصیات کی اس فلاحی خدمات کو مریضوں کے لواحقین کے لیے ایک بڑی نعمت قرار دیا۔





