ستمبر 10, 2026

بیرسٹر گوہر کا 27 ستمبر کو ملک گیر پرامن مارچ کا اعلان: "یہ کوئی شوقیہ مارچ نہیں، عوام اب اسٹیٹس کو سے نجات چاہتے ہیں

پشاور میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے پاکستان تحریک انصاف کے چیئرمین بیرسٹر گوہر نے بتایا کہ بانی پی ٹی آئی عمران خان کی صحت کا مسئلہ انتہائی اہم اور تشویشناک ہے، اسی بنا پر انہوں نے چیف جسٹس آف پاکستان سے استدعا کی ہے کہ ان سے متعلق کیسز کی سماعت جلد سے جلد مقرر کی جائے۔ انہوں نے کہا کہ ملک کے عوام موجودہ اسٹیٹس کو سے مکمل جان چھڑانا چاہتے ہیں اور جمہوری انداز میں حقیقی تبدیلی اور نئے شفاف انتخابات کے خواشمند ہیں۔ انہوں نے 27 ستمبر کو ملک گیر پرامن مارچ کا اعلان کرتے ہوئے واضح کیا کہ یہ کوئی شوقیہ مارچ نہیں ہے اور اس میں کسی بھی قسم کے سرکاری وسائل استعمال نہیں کیے جائیں گے۔ بیرسٹر گوہر نے امید ظاہر کی کہ مولانا فضل الرحمان اور دیگر تمام اپوزیشن جماعتیں ملک کی بہتری کے لیے اس پرامن مارچ کا حصہ بنیں گی، کیونکہ عوام اب سیاسی تناؤ اور عدم استحکام سے شدید بیزار ہو چکے ہیں۔

بیرسٹر گوہر نے دیگر سیاسی اور قومی امور پر گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ ملک میں نئے صوبوں کی تشکیل کے حساس معاملے میں کسی بھی قسم کی جلد بازی انتہائی نقصان دہ ثابت ہو سکتی ہے۔ اس کے علاوہ انہوں نے نرسنگ کالج کے افسوسناک واقعے کا ذکر کرتے ہوئے طلبہ پر پولیس کے تشدد کی شدید مذمت کی اور بتایا کہ متعلقہ ایس ایچ او کو عہدے سے معطل کر دیا گیا ہے، نیز آئندہ پرامن احتجاج کرنے والے کسی شہری پر تشدد نہیں کیا جائے گا۔ پریس کانفرنس کے آخر میں انہوں نے وزیراعلیٰ پنجاب کے صوبوں سے متعلق حالیہ بیان کو انتہائی قابلِ مذمت قرار دیتے ہوئے مطالبہ کیا کہ وہ اپنے ادا کیے گئے متنازعہ الفاظ کو فوری طور پر واپس لیں۔