جولائی 13, 2026

بانی پی ٹی آئی نے حکومت سے مذاکرات کی بھیک نہیں مانگی، وہ جیل قبول کریں گے مگر سر نہیں جھکائیں گے: علیمہ خان

پاکستان تحریک انصاف کے بانی عمران خان کی ہمشیرہ علیمہ خان نے تیمرگرہ میں کارکنوں سے خطاب کرتے ہوئے واضح کیا ہے کہ بانی پی ٹی آئی نے حکومت سے مذاکرات کی کوئی بھیک نہیں مانگی۔ انہوں نے کہا کہ عمران خان نے صاف پیغام دیا ہے کہ وہ جیل میں رہنا تو قبول کر لیں گے لیکن حکومتِ وقت کے سامنے کبھی سر نہیں جھکائیں گے۔ علیمہ خان نے زور دیا کہ اب بانی پی ٹی آئی کی رہائی کے لیے اڈیالہ جیل جانے کا وقت آ چکا ہے اور کارکنوں کو ان کی آزادی کے لیے گھروں سے نکلنا ہوگا۔

انہوں نے پارٹی کارکنوں پر زور دیا کہ وہ تحریک انصاف کی آئندہ کی تحریک کے لیے مکمل طور پر متحد اور منظم رہیں۔ ملک کی موجودہ صورتحال پر تشویش کا اظہار کرتے ہوئے علیمہ خان کا مزید کہنا تھا کہ اس وقت پورا ملک شدید مہنگائی، بدامنی اور غیر یقینی صورتحال کا شکار ہو چکا ہے، جبکہ ملک کے انصاف کے نظام پر بھی سنگین سوالات اٹھ رہے ہیں۔