جولائی 12, 2026

امریکی خلاف ورزیاں جاری رہیں تو ایران بھی معاہدے کا احترام ترک کر دے گا: اقوامِ متحدہ میں ایرانی سفیر عامر سعید ایراوانی کی سخت وارننگ

اقوام متحدہ میں متعین ایرانی سفیر عامر سعید ایراوانی نے امریکہ کو سخت انتباہ جاری کرتے ہوئے کہا ہے کہ اگر امریکی جانب سے مفاہمت کی یادداشت (ایم او یو) کی خلاف ورزیوں کا سلسلہ بند نہ ہوا تو ایران بھی اس معاہدے کا احترام ترک کر دے گا۔ اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل کے باہر میڈیا نمائندوں سے گفتگو کرتے ہوئے ایرانی سفیر نے واضح کیا کہ امریکہ نے 7 اور 8 جولائی کو ایرانی جزیرے اور جنوبی شہروں پر فضائی حملے کیے ہیں، جو کہ براہِ راست اقوام متحدہ کے چارٹر کی کھلی خلاف ورزی اور ایرانی خود مختاری پر حملہ ہے۔

عامر سعید ایراوانی نے مزید کہا کہ ایران اب تک سفارتی ضوابط اور معاہدوں کی پاسداری کرتا آ رہا ہے، لیکن اگر ایم او یو کی موجودگی کے باوجود امریکہ اپنے وعدوں پر عمل نہیں کرتا تو ایران کے پاس بھی اس معاہدے کو مکمل طور پر نظر انداز کرنے کے سوا کوئی دوسرا راستہ نہیں بچے گا۔ انہوں نے عالمی برادری پر زور دیا کہ وہ امریکی جارحیت کا نوٹس لے، کیونکہ تہران اپنی سلامتی اور قومی مفادات کے تحفظ کے لیے کسی بھی حد تک جانے کے لیے مجبور ہو سکتا ہے۔