ایرانی صدر مسعود پزشکیان نے سوشل میڈیا پر جاری اپنے ایک خصوصی پیغام میں وزیراعظم پاکستان شہباز شریف اور پاکستانی وفد کی شہید علی خامنہ ای کے تعزیتی اجتماع میں شرکت پر گہرے تشکر کا اظہار کرتے ہوئے انہیں زبردست خراجِ تحسین پیش کیا ہے۔ ایرانی صدر نے پاکستانی حکومت اور عوام کی دلی ہمدردی اور اظہارِ تعزیت پر تہہ دل سے شکریہ ادا کرتے ہوئے واضح کیا کہ ایران پاکستان کی اس مخلصانہ حمایت کو کبھی فراموش نہیں کرے گا۔
انہوں نے کہا کہ ایران اور پاکستان کے عوام نے ہمیشہ ایک دوسرے کے دکھ سکھ بانٹے ہیں اور دونوں ملکوں کے عوام اخوت و یکجہتی کے ساتھ شانہ بشانہ کھڑے رہے ہیں۔ مسعود پزشکیان نے اس امید کا اظہار بھی کیا کہ مستقبل میں دونوں ممالک کے مابین باہمی روابط مزید فروغ پائیں گے اور پہلے سے زیادہ مضبوط ہوں گے۔ ان کا مزید کہنا تھا کہ شہید ایرانی سپریم لیڈر ہمیشہ پاکستان کی حکومت اور عوام کے لیے انتہائی نیک جذبات رکھتے تھے اور دونوں قوموں کی مشترکہ ثقافتی اقدار کو ایک قیمتی سرمایہ قرار دیتے تھے۔





