ترجمان دفتر خارجہ پاکستان نے ایران اور امریکا کے مابین بڑھتی ہوئی حالیہ کشیدگی پر گہری تشویش کا اظہار کرتے ہوئے تمام فریقین پر زور دیا ہے کہ وہ ‘اسلام آباد مفاہمتی یادداشت’ کے تحت کیے گئے اپنے وعدوں کی پاسداری کریں۔ اپنے ایک اہم بیان میں ترجمان نے واضح کیا کہ خطے میں کسی بھی نئے تنازع کا آغاز کسی کے بھی مفاد میں نہیں ہے، لہذا تمام فریقین کو انتہائی تحمل کا مظاہرہ کرنا چاہیے۔ انہوں نے کہا کہ ایسے تمام اقدامات سے گریز کیا جائے جو خطے کے امن و استحکام کو مزید نقصان پہنچا سکتے ہوں کیونکہ مشترکہ امن کے حصول کے لیے مسلسل رابطے، مذاکرات اور سفارتکاری کا کوئی دوسرا متبادل نہیں ہے۔
دفتر خارجہ نے مزید کہا کہ اسلام آباد مفاہمتی یادداشت باہمی احترام، افہام و تفہیم اور خطے سمیت دنیا بھر میں مشترکہ خوشحالی کے لیے ایک مضبوط بنیاد ہے، جس پر قائم رہنا سب کے لیے ناگزیر ہے۔ واضح رہے کہ یہ ردعمل امریکی فوج کی جانب سے گزشتہ روز جنوبی ایران کے علاقوں پر کیے گئے متعدد حملوں کے بعد سامنے آیا ہے، جن میں ایرانی حکام کے مطابق 8 فوجی شہید ہوئے ہیں، جبکہ دوسری جانب امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے ایران کے ساتھ جنگ بندی ختم کرنے کا اعلان کرتے ہوئے مزید ممکنہ حملوں کی دھمکی بھی دی ہے۔





