فیفا ورلڈکپ 2026 کے سلسلے میں ٹورنٹو میں کھیلے گئے گروپ آئی کے ایک اہم اور سنسنی خیز میچ میں سینیگال نے عراق کو یکطرفہ مقابلے کے بعد 0-5 سے آؤٹ کلاس کر دیا۔ میچ کے آغاز سے ہی سینیگال کی ٹیم عراقی دفاع پر حاوی رہی اور حبیب دیارا نے چوتھے ہی منٹ میں گول کر کے اپنی ٹیم کو برتری دلوا دی۔ اس کے بعد پاپ گیے نے شاندار کھیل کا مظاہرہ کرتے ہوئے 2 گول داغے، جبکہ اسماعیلا سار اور ایلیمان ندیائے نے ایک ایک گول کر کے سینیگال کی اس تاریخی کامیابی پر مہر ثبت کر دی۔ اس شاندار کارکردگی کے ساتھ ہی سینیگال فیفا ورلڈ کپ کی تاریخ میں کسی بھی ایک میچ کے دوران 5 گول اسکور کرنے والی پہلی افریقی ٹیم بن گئی ہے۔ عراق کے خلاف اس بھاری مارجن سے فتح حاصل کرنے کے بعد اب ورلڈ کپ کے اگلے ناک آؤٹ مرحلے تک رسائی کے لیے سینیگال کی امیدیں اور امکانات پوری طرح برقرار ہیں۔





