جون 15, 2026

اعتدال اور میانہ روی قیادت کی پہچان ہے: ڈاکٹر حسن محی الدین قادری

لاہور: چیئرمین سپریم کونسل منہاج القرآن انٹرنیشنل پروفیسر ڈاکٹر حسن محی الدین قادری نے کہا ہے کہ اعتدال، مشاورت اور میانہ روی قیادت کے بنیادی اوصاف ہیں جبکہ حقیقی قائد اپنی ذات میں خادم ہوتا ہے جو اپنی صلاحیتوں، تجربات اور اوصاف کو دوسروں تک منتقل کر کے ایک مضبوط اور بااختیار ٹیم تشکیل دیتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ قیادت طاقت، منصب اور اختیار کا نام نہیں بلکہ اعتماد، کردار، خدمت اور حسنِ اخلاق سے دلوں کو جیتنے کا عمل ہے۔ان خیالات کا اظہار انہوں نے مصطفوی سٹوڈنٹس موومنٹ پاکستان کے زیرِ اہتمام مرکزی سیکرٹریٹ میں منعقدہ سینٹرل موومنٹ ایگزیکٹو کے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔پروفیسر ڈاکٹر حسن محی الدین قادری نے کہا کہ صراطِ مستقیم دراصل حضور نبی اکرم ﷺ کے اسوۂ حسنہ کی پیروی کا نام ہے اور آپ ﷺ کی سیرتِ طیبہ انسانیت کے لیے مثالی اور کامل قیادت کا عملی نمونہ پیش کرتی ہے۔ انہوں نے کہا کہ کامیاب قائد بصیرت، حکمت، دور اندیشی اور حالات کی درست تشخیص کی صلاحیت سے آراستہ ہوتا ہے۔ جو شخص بہترین پیروکار بننا سیکھ لیتا ہے، وہی مستقبل میں بہترین قائد بننے کی صلاحیت حاصل کرتا ہے۔انہوں نے وفاداری، استقامت اور ثابت قدمی کو قیادت کی ناگزیر شرائط قرار دیتے ہوئے کہا کہ اپنے مشن، مقصد اور قائد کے ساتھ مخلصانہ وابستگی رکھنے والے افراد ہی منزلِ مقصود تک پہنچتے ہیں۔ قیادت کا سفر صبر، مستقل مزاجی اور مسلسل جدوجہد کا تقاضا کرتا ہے۔ ایک سچا قائد نتائج کے بجائے ذمہ داری اور جدوجہد پر توجہ دیتا ہے اور نامساعد حالات میں شکوہ کرنے کے بجائے مثبت سوچ اور شکرگزاری کے ساتھ مسائل کا حل تلاش کرتا ہے۔چیئرمین سپریم کونسل نے کہا کہ منصب، دولت اور اختیار کے ذریعے لوگوں پر تسلط قائم کرنا حقیقی لیڈرشپ نہیں بلکہ محبت، مسکراہٹ، حسنِ اخلاق اور خدمت کے ذریعے دلوں کو جیتنا اصل قیادت ہے۔ انہوں نے خدمت، اخلاص، استقامت اور وفاداری کو مصطفوی قیادت کی بنیاد قرار دیتے ہوئے کارکنان پر زور دیا کہ وہ ہمیشہ اپنے قائد، مشن اور مقصد کے ساتھ وابستگی کو مقدم رکھیں۔اجلاس کے آغاز میں مرکزی صدر مصطفوی سٹوڈنٹس موومنٹ شیخ فرحان عزیز نے مرکزی قائدین ،زونل صدور،جامعات و کالجز کے نمائندگان کو خوش آمدید کہا۔انہوں نے کہا کہ مصطفوی سٹوڈنٹس موومنٹ نوجوان نسل کی فکری،اخلاقی اور تنظیمی تربیت کےلئے بھرپور کردار ادا کر رہی ہے۔اجلاس کے دوران مصطفوی سٹوڈنٹس موومنٹ پاکستان کے زونل ذمہ داران نے اپنے اپنے زونز کی کارکردگی رپورٹس پیش کیں۔ اس موقع پر پروفیسر ڈاکٹر حسن محی الدین قادری نے نمایاں خدمات اور شاندار کارکردگی کا مظاہرہ کرنے والے مرکزی قائدین، زونل صدور، ضلعی و تحصیلی ذمہ داران اور کارکنان میں خصوصی شیلڈز بھی تقسیم کیں۔اجلاس میں نائب ناظمِ اعلیٰ تنظیمات ڈاکٹر انجینئر محمد رفیق نجم، شیخ فرحان عزیز، اسامہ مشتاق، کرنل (ر) خالد جاوید، رانا وحید شہزاد، قاضی فیض الاسلام، رانا تجمل حسین، چوہدری ضیاء الرحمٰن، میاں انصر محمود، سید فراز ہاشمی زونل صدور، جامعات و کالجز کے نمائندگان اور ضلعی و تحصیلی سطح کے ذمہ داران و کارکنان نے بڑی تعداد میں شرکت کی۔