چکوال (پریس ریلیز) ترجمان کرائم کنٹرول ڈیپارٹمنٹ (سی سی ڈی) پنجاب نے چکوال میں فائرنگ سے بچی کی ہلاکت کے شدید افسوسناک واقعے پر گہرے رنج و غم کا اظہار کرتے ہوئے متاثرہ فیملی سے دلی تعزیت کا اظہار کیا ہے۔ ترجمان نے واضح کیا ہے کہ اس لرزہ خیز واقعے کی تحقیقات میں شفافیت اور قانون کی حکمرانی کو ہر قیمت پر یقینی بنایا جائے گا۔ واقعے کی فوری کارروائی کرتے ہوئے فائرنگ کرنے والے سی سی ڈی اہلکار کو معطل کر کے گرفتار کر لیا گیا ہے، جبکہ ملزم کی رائفل اور موقع سے ملنے والے استعمال شدہ گولیوں کے خول کو باقاعدہ فرانزک ریکارڈ کا حصہ بنا دیا گیا ہے۔
ترجمان سی سی ڈی کا کہنا ہے کہ فائرنگ کرنے والے اہلکار نے محکمانہ ایس او پیز کی صریح خلاف ورزی کی ہے اور اہلکار کا یہ غیر قانونی اقدام کسی بھی صورت میں ادارے کی پالیسی، تربیت اور اعلیٰ اقدار کا عکاس نہیں۔ انہوں نے بتایا کہ واقعے کے اصل حقائق جاننے کے لیے مشترکہ تحقیقاتی ٹیم (جے آئی ٹی) انتہائی شفاف انداز میں تحقیقات کر رہی ہے، اور متاثرہ فیملی کو اس تفتیش میں ہونے والی ہر پیشرفت سے مسلسل آگاہ رکھا جا رہا ہے، جس پر متاثرہ خاندان نے اب تک ہونے والی پولیس تحقیقات پر مکمل اطمینان کا اظہار کیا ہے۔
بیان کے آخر میں ترجمان نے اس عزم کا اعادہ کیا کہ سی سی ڈی ہمیشہ ضابطہ اخلاق کو اپناتے ہوئے طاقت کے انتہائی محتاط استعمال پر زور دیتا ہے اور کسی کو قانون ہاتھ میں لینے کی اجازت نہیں دی جا سکتی۔ سی سی ڈی اس مشکل گھڑی میں متاثرہ فیملی کی غیر متزلزل حمایت کا یقین دلاتا ہے اور کیس کو جلد از جلد میرٹ پر منطقی انجام تک پہنچانے کے لیے پرعزم ہے تاکہ انصاف کے تقاضے پورے کیے جا سکیں۔





