ستمبر 20, 2026

کھاریاں: پٹواریوں کی ہڑتال نویں روز بھی جاری، اراضی ریکارڈ اور فرد کا حصول ناممکن، سائلین خوار

کھاریاں (قاری نصیر احمد کلیار) کھاریاں میں پٹواریوں کی مسلسل ہڑتال نویں روز بھی جاری رہی جس کے باعث اراضی سے متعلقہ تمام امور ٹھپ ہو کر رہ گئے ہیں اور دور دراز سے آنے والے سائلین کو شدید مشکلات کا سامنا کرنا پڑ رہا ہے۔ تفصیلات کے مطابق پٹواریوں کی جانب سے کام چھوڑ ہڑتال کے باعث پٹوار خانوں اور متعلقہ دفاتر میں تالے لٹک رہے ہیں، جس کی وجہ سے اراضی ریکارڈ کی درستگی، زمینوں کے انتقالات اور فرد کے حصول کے لیے آنے والے سائلین روزانہ ذلیل و خوار ہو کر خالی ہاتھ لوٹنے پر مجبور ہیں۔ پٹوار سرکلز میں کام کاج مکمل طور پر بند ہونے سے پراپرٹی کی خرید و فروخت اور دیگر قانونی و مالیاتی معاملات بری طرح متاثر ہو رہے ہیں، جس سے شہریوں کا قیمتی وقت اور پیسہ ضائع ہو رہا ہے۔ عوامی و سماجی حلقوں نے اس سنگین صورتحال پر گہری تشویش کا اظہار کرتے ہوئے حکامِ بالا اور اعلیٰ انتظامیہ سے پُرزور مطالبہ کیا ہے کہ پٹواریوں کے مسائل اور مطالبات کو فوری طور پر حل کر کے اس ہڑتال کا خاتمہ کروایا جائے تاکہ دفاتر میں معطل شدہ کام دوبارہ شروع ہو سکے اور پچھلے کئی دنوں سے پریشان سائلین کو حقیقی ریلیف مل سکے۔