کھاریاں (قاری نصیر احمد کلیار) کمشنر گوجرانوالہ ڈویژن محمد علی اور ڈپٹی کمشنر گجرات نور العین نے تحصیل ہیڈ کوارٹر (ٹی ایچ کیو) ہسپتال کھاریاں اور محمد اشرف گوندل فری ڈائیلاسز سینٹر کا مشترکہ دورہ کیا، جہاں انہوں نے ہسپتال کے مختلف شعبہ جات کا معائنہ کیا اور مریضوں کو فراہم کی جانے والی طبی سہولیات کا تفصیلی جائزہ لیا۔ دورے کے دوران اعلیٰ افسران نے ڈائیلاسز سینٹر اور ہسپتال کے دیگر وارڈز میں زیرِ علاج مریضوں کی عیادت کی اور ان سے ہسپتال کے عملے کے رویے، مفت ادویات کی فراہمی اور دیگر طبی انتظامات کے بارے میں براہِ راست معلومات حاصل کیں۔ کمشنر محمد علی اور ڈپٹی کمشنر نور العین نے ہسپتال انتظامیہ کو ہدایت کی کہ علاج معالجے کے لیے آنے والے شہریوں کو بہترین اور معیاری سہولیات کی فراہمی میں کوئی کسر اٹھا نہ رکھی جائے اور صفائی ستھرائی کے نظام کو مزید بہتر بنایا جائے۔ انہوں نے محمد اشرف گوندل فری ڈائیلاسز سینٹر میں مستحق مریضوں کو ملنے والی مفت خدمات کو سراہتے ہوئے کہا کہ دکھی انسانیت کی خدمت اور صحت عامہ کے منصوبوں میں کوئی غفلت برداشت نہیں کی جائے گی۔





