کھاریاں (قاری نصیر احمد کلیار) کھاریاں، لالہ موسیٰ اور ڈنگہ بس سٹاپس پر پیشہ ور بھکاریوں کی بھرمار نے مسافروں، تاجروں اور مقامی شہریوں کا جینا محال کر دیا ہے، جس کے باعث نہ صرف عوامی مقامات پر نظم و ضبط بری طرح متاثر ہو رہا ہے بلکہ روزمرہ کے معاملات میں بھی شدید خلل پڑ رہا ہے۔ تفصیلات کے مطابق ان بس سٹاپس پر پیشہ ور مانگنے والوں کے منظم گروپس نے ڈیرے ڈال رکھے ہیں جو یہاں آنے جانے والے مسافروں کو گھیر لیتے ہیں اور زبردستی پیسے بٹورنے کی کوشش کرتے ہیں، جبکہ انکار کرنے کی صورت میں شہریوں کو ہراسانی اور بدتمیزی کا سامنا کرنا پڑتا ہے جو اب روز کا معمول بن چکا ہے۔ اس سنگین صورتحال کی وجہ سے بسوں کا انتظار کرنے والی خواتین، فیملیز اور بزرگ شہریوں کو شدید ذہنی اذیت اور عدم تحفظ کا سامنا ہے۔ مقامی اہل علاقہ اور سماجی حلقوں نے ضلعی انتظامیہ اور متعلقہ قانون نافذ کرنے والے اداروں سے پرزور مطالبہ کیا ہے کہ وہ اس بڑھتے ہوئے مافیا کے خلاف فوری اور سخت قانونی کارروائی کا آغاز کریں تاکہ پبلک مقامات کو ان عناصر سے پاک کر کے عوام کو پرسکون اور محفوظ ماحول فراہم کیا جا سکے۔





