ستمبر 20, 2026

حج 2026: مسجد نبوی ﷺ کے امام و خطیب شیخ ڈاکٹر علی الحذیفی خطبہ حج دیں گے

حرمین شریفین کی انتظامیہ (ادارہ امور حرمین شریفین) کی جانب سے ایک انتہائی اہم اور باضابطہ اعلان کیا گیا ہے، جس کے مطابق رواں سال حجِ بیت اللہ کے موقع پر مسجد نبوی ﷺ کے مایہ ناز امام و خطیب فضیلۃ الشیخ ڈاکٹر علی بن عبدالرحمن الحذیفی خطبہ حج دینے کی سعادت حاصل کریں گے۔ عرب میڈیا کی رپورٹس کے مطابق، شیخ علی الحذیفی منگل 26 مئی 2026 (مطابق 9 ذی الحج 1447 ہجری) کو میدانِ عرفات کی تاریخی ‘مسجد نمرہ’ سے امتِ مسلمہ کے نام حج کا سالانہ باوقار خطبہ دیں گے، جسے سننے کے لیے دنیا بھر سے آئے ہوئے لاکھوں عازمینِ حج میدانِ عرفات میں موجود ہوں گے۔

مسجد نبوی ﷺ کے بزرگ اور ہرہمدل عزیز امام و خطیب شیخ علی الحذیفی کی علمی و قرآنی خدمات کسی تعارف کی محتاج نہیں؛ ان کا شمار نہ صرف مملکتِ سعودی عرب بلکہ پوری اسلامی دنیا میں قرآن کریم کے سب سے ممتاز، منفرد اور جید قراء میں ہوتا ہے، جن کی تلاوتِ قرآن پوری دنیا میں بڑے ذوق و شوق سے سنی جاتی ہے۔ اپنے طویل علمی و دینی سفر کے دوران شیخ علی الحذیفی اسلام کی پہلی مسجد، ‘مسجد قبا’ کے امام رہنے کے ساتھ ساتھ مکہ مکرمہ کی ‘مسجد الحرام’ میں بھی امامت و خطابت کے فرائض انتہائی احسن طریقے سے سرانجام دے چکے ہیں، اور اب ایک طویل عرصے سے وہ مسجد نبوی ﷺ میں امامت کے منصب پر فائز ہیں۔

دوسری جانب، سعودی عرب کے سرکاری رویتِ ہلال حکام کے مطابق مملکت میں ماہِ ذی الحج کا باقاعدہ آغاز ہو چکا ہے۔ اسلامی کیلنڈر کے اس مقدس ترین مہینے کے آغاز کے ساتھ ہی مناسکِ حج کی تیاریاں عروج پر پہنچ گئی ہیں۔ حج کا سب سے اعظم اور اہم ترین رکن ‘وقوفِ عرفہ’ (جس دن خطبہ حج دیا جاتا ہے) منگل 26 مئی 2026 کو ادا کیا جائے گا، جبکہ سعودی عرب میں بسنے والے شہری اور دنیا بھر سے آئے ہوئے لاکھوں خوش نصیب حجاجِ کرام بدھ 27 مئی 2026 کو مینیٰ میں قربانی کا فریضہ سرانجام دے کر عید الاضحیٰ کی خوشیاں منائیں گے۔