جولائی 17, 2026

پاکستان کی ‘ون چائنا پالیسی’ پر کاربند رہنے کی تجدید، تائیوان چین کا ناقابلِ تنسیخ حصہ ہے: دفترِ خارجہ

ترجمان دفترِ خارجہ نے ہفتہ وار بریفنگ کے دوران پاکستان کے کلیدی خارجہ امور پر روشنی ڈالتے ہوئے واضح کیا ہے کہ تائیوان چین کا ناقابلِ تنسیخ حصہ ہے اور پاکستان ‘ون چائنا پالیسی’ کی غیر متزلزل حمایت جاری رکھتے ہوئے دنیا میں صرف ایک ہی چین ہونے پر یقین رکھتا ہے۔ ترجمان نے امریکہ اور چین کے درمیان حالیہ رابطوں پر نظر رکھنے کے حوالے سے آگاہ کیا اور خطے کی صورتحال پر تبصرہ کرتے ہوئے کہا کہ امریکہ اور ایران کے درمیان امن عمل تاحال جاری ہے جس میں پاکستان فعال طور پر انگیج اور بہتری کے لیے پُرامید ہے۔ متحدہ عرب امارات سے پاکستانیوں کی ڈی پورٹیشن سے متعلق خبروں پر وضاحت دیتے ہوئے ترجمان نے کہا کہ اس حوالے سے سامنے آنے والے اعداد و شمار مبالغہ آمیز ہیں، جبکہ خلیجی اور برادر ممالک کے ساتھ دفاعی تعلقات طویل مدتی پالیسیوں اور باہمی مفادات پر مبنی ہیں۔ بریفنگ کے اختتام پر وزیراعظم کے متوقع دورۂ روس کے بارے میں بتایا گیا کہ اس کا حتمی اعلان مناسب وقت پر کیا جائے گا۔