اپریل 18, 2026

رمضان المبارک میں تندور مافیا کے من مانے ریٹ، انتظامیہ بے بس

کھاریاں (قاری نصیر احمد کلیار) رمضان المبارک جیسے بابرکت مہینے میں جہاں عوام مہنگائی کے بوجھ تلے دبے ہوئے ہیں، وہیں کھاریاں شہر میں تندور مالکان نے روٹی اور نان کے من مانے ریٹ مقرر کر کے شہریوں کو مزید مشکلات میں مبتلا کر دیا ہے۔ شہریوں کا کہنا ہے کہ روزانہ کی بنیاد پر قیمتیں بڑھائی جا رہی ہیں جبکہ وزن اور معیار میں بھی واضح کمی دیکھنے میں آ رہی ہے۔
عوامی حلقوں کے مطابق سرکاری نرخ نامے موجود ہونے کے باوجود بیشتر تندور مالکان ان پر عملدرآمد نہیں کر رہے۔ کئی علاقوں میں سادہ روٹی اور نان کی قیمتیں مقررہ نرخوں سے کہیں زیادہ وصول کی جا رہی ہیں، جس پر شہری شدید تشویش اور غم و غصے کا اظہار کر رہے ہیں۔
دوسری جانب شہریوں کا کہنا ہے کہ کھاریاں میں تعینات نئے اسسٹنٹ کمشنر کھاریاں بھی تندور مافیا کو قابو کرنے میں تاحال ناکام نظر آتے ہیں۔ عوام کا مطالبہ ہے کہ انتظامیہ فوری طور پر سخت کارروائی کرے، سرکاری نرخ ناموں پر عملدرآمد یقینی بنائے اور خلاف ورزی کرنے والے تندور مالکان کے خلاف جرمانے اور قانونی کارروائی عمل میں لائی جائے۔
شہریوں اور سماجی حلقوں نے ضلعی انتظامیہ سے مطالبہ کیا ہے کہ رمضان المبارک کے مقدس مہینے میں عوام کو ریلیف فراہم کیا جائے اور ناجائز منافع خوری کا سدباب کیا جائے تاکہ عام آدمی کو سستی اور معیاری روٹی میسر آ سکے۔