کھاریاں(قاری نصیر احمد کلیار) سی سی انچارج ضلع گجرات عامر عباس شیرازی نے گھریلو ملازمین کے حوالے سے عوام کو محتاط رہنے کی تلقین کرتے ہوئے کہا ہے کہ گھریلو ملازمین پر مکمل اندھا اعتماد سنگین نتائج کا باعث بن سکتا ہے، لہٰذا والدین اپنے بچوں کی حفاظت کے معاملے میں ہرگز غفلت نہ برتیں۔
انہوں نے حالیہ دنوں لاہور کے علاقے ہربنس پورہ میں پیش آنے والے افسوسناک واقعے کا حوالہ دیتے ہوئے کہا کہ ایک گھریلو ملازمہ نے مبینہ طور پر مالک کی سرزنش پر دو سالہ معصوم بچے کو قتل کر دیا، جو انتہائی تشویشناک اور قابلِ افسوس واقعہ ہے۔
عامر عباس شیرازی نے زور دیتے ہوئے کہا کہ شہری گھریلو ملازمین کی مکمل چھان بین کریں اور ان کا اندراج متعلقہ تھانے میں لازمی کروائیں۔ انہوں نے مزید ہدایت کی کہ بچوں کو تنہا ملازمین کے سپرد نہ کیا جائے اور گھروں میں نگرانی کے مؤثر انتظامات، خصوصاً سی سی ٹی وی کیمرے نصب کیے جائیں تاکہ کسی بھی ناخوشگوار واقعے سے بروقت بچاؤ ممکن ہو سکے۔
انہوں نے کہا کہ بچوں کی حفاظت ہر والدین کی اولین ذمہ داری ہے اور اس ضمن میں کسی قسم کی لاپرواہی ناقابلِ برداشت ہے۔
آخر میں انہوں نے دعا کی کہ اللہ تعالیٰ ہم سب کے بچوں کو اپنی حفظ و امان میں رکھے۔ آمین۔




