اپریل 18, 2026

سلمان علی آغا کا متنازع رن آؤٹ ، بھارتی کرکٹر محمد کیف بھی بول پڑے

بنگلا دیش کے کپتان مہدی حسن میراز کی جانب سے پاکستانی بیٹر سلمان علی آغا کو متنازع انداز میں رن آؤٹ کرنے کے واقعے پر کرکٹ حلقوں میں بحث جاری ہے۔ اس واقعے کو کئی کرکٹرز اسپورٹس مین اسپرٹ کے خلاف قرار دے رہے ہیں۔

اسی معاملے پر بھارتی کرکٹ ٹیم کے سابق کرکٹر محمد کیف بھی سلمان علی آغا کے حق میں سامنے آگئے اور انہوں نے سوشل میڈیا پر مہدی حسن میراز کے رویے کو تنقید کا نشانہ بنایا۔ محمد کیف کا کہنا تھا کہ صرف وکٹ حاصل کرنے کی بے صبری اس طرح کے رن آؤٹ کو درست قرار نہیں دے سکتی۔

انہوں نے کہا کہ ایک کپتان کی جانب سے اس طرح کا طرز عمل دکھانا افسوسناک ہے۔ محمد کیف نے نوجوان کرکٹرز کو مخاطب کرتے ہوئے کہا کہ چاہے ورلڈ کپ کا فائنل ہی کیوں نہ داؤ پر لگا ہو، کھلاڑیوں کو وہ کام نہیں کرنا چاہیے جو بنگلادیش کے کپتان نے کیا، کیونکہ فیئر پلے کے بغیر کھیل اپنی اصل روح کھو دیتا ہے۔

واضح رہے کہ بنگلادیش کے خلاف دوسرے ون ڈے میچ میں مہدی حسن میراز نے سلمان علی آغا کو رن آؤٹ کیا تھا جسے کئی ماہرین نے متنازع قرار دیا۔ اس موقع پر آؤٹ ہونے کے بعد سلمان علی آغا نے بھی شدید ردعمل کا اظہار کیا تھا۔

اس واقعے پر پاکستان کرکٹ ٹیم کے سابق کپتان محمد حفیظ اور معروف کمنٹیٹر رمیز راجا نے بھی بنگلادیشی کپتان کے طرز عمل کو اسپورٹس مین اسپرٹ کے منافی قرار دیا ہے اور کرکٹ میں فیئر پلے کی اہمیت پر زور دیا ہے۔