اپریل 20, 2026

پنجاب میں آبی انقلاب: 17 نئے چھوٹے ڈیم بنانے کا بڑا فیصلہ، مریم نواز کی زیرِ صدارت اہم اجلاس

وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز کی زیرِ صدارت منعقدہ اعلیٰ سطح کے اجلاس میں صوبے کو سیلاب سے محفوظ بنانے اور پانی کے ذخائر میں اضافے کے لیے انقلابی اقدامات کی منظوری دی گئی ہے۔ اجلاس میں بریفنگ کے دوران بتایا گیا کہ رواں برس 28 فیصد زائد بارشوں کا امکان ہے، جس کے پیشِ نظر پنجاب بھر میں 17 مقامات پر منی ڈیمز کی تعمیر پر اتفاق کیا گیا ہے جبکہ چنیوٹ میں بند بنانے کے منصوبے کو حتمی شکل دے دی گئی ہے۔ وزیراعلیٰ نے دو ٹوک الفاظ میں واضح کیا کہ دریا کے پیٹ میں غیر قانونی تعمیرات کا باب ہمیشہ کے لیے بند کر دیا جائے گا اور اس ضمن میں آبی گزرگاہوں کو واگزار کرانے کے لیے تین ماہ کی ڈیڈ لائن دے دی گئی ہے۔ اس کے علاوہ کالا باغ اور سدھنائی کے مقامات پر آبی ذخائر کی گنجائش بڑھانے اور پی ڈی ایم اے (PDMA) کی ری اسٹرکچرنگ کے تحت 8 نئے ونگز قائم کرنے کا بھی فیصلہ کیا گیا ہے۔ ریسکیو 1122 کو فلڈ آپریشنز کے لیے جدید آلات کی فراہمی اور ریجنل ڈیزاسٹر ویئر ہاؤسز کا قیام بھی اس جامع منصوبے کا حصہ ہے۔