اکتوبر 30, 2026

پاکستان سمیت دنیا بھر میں مقیم کشمیری آج یومِ حقِ خودارادیت منا رہے ہیں

پاکستان سمیت دنیا بھر میں مقیم کشمیری آج یومِ حقِ خودارادیت منا رہے ہیں۔ اس موقع پر آزاد کشمیر کے دارالحکومت مظفرآباد میں شدید سردی کے باوجود آزادی چوک پر رات کے وقت مشعل بردار ریلی نکالی گئی جس میں بڑی تعداد میں شہریوں نے شرکت کی اور مقبوضہ کشمیر میں بھارتی مظالم کے خلاف بھرپور احتجاج کیا۔

یومِ حقِ خودارادیت ہر سال 5 جنوری کو اس قرارداد کی یاد میں منایا جاتا ہے جو 1949 میں اقوامِ متحدہ کی سلامتی کونسل نے منظور کی تھی، جس کے تحت کشمیری عوام کو اپنے مستقبل کا فیصلہ خود کرنے کا حق دیا گیا۔ تاہم بھارت کی جانب سے اس قرارداد پر عمل درآمد نہ ہونے کے باعث مقبوضہ کشمیر کے عوام آج بھی بنیادی انسانی حقوق سے محروم ہیں۔ اس دن کو منانے کا مقصد عالمی برادری کو یہ باور کرانا ہے کہ کشمیر کے معاملے پر اس کی ذمہ داریاں ابھی پوری نہیں ہوئیں۔

وزیراعظم شہباز شریف نے یومِ حقِ خودارادیت کے موقع پر اپنے پیغام میں کہا کہ اقوامِ متحدہ کی قراردادوں میں کشمیری عوام کے حقِ خودارادیت کو تسلیم کیا گیا تھا اور 5 جنوری 1949 کو اقوامِ متحدہ کے کمیشن برائے بھارت و پاکستان نے ایک تاریخی قرارداد منظور کی۔ انہوں نے کہا کہ اس قرارداد کے مطابق ریاست جموں و کشمیر کے مستقبل کا فیصلہ آزادانہ اور غیرجانبدارانہ رائے شماری کے ذریعے ہونا تھا، مگر بھارتی غیرقانونی قبضے کے باعث یہ وعدہ آج تک پورا نہ ہو سکا۔

وزیراعظم نے کہا کہ مقبوضہ کشمیر کے عوام گزشتہ آٹھ دہائیوں سے بھارتی قابض افواج کے مظالم کا سامنا کر رہے ہیں، مگر جبر و تشدد کے باوجود کشمیری عوام کے حوصلے اور عزم کو شکست نہیں دی جا سکی۔ انہوں نے بین الاقوامی برادری سے مطالبہ کیا کہ وہ بھارت کے جابرانہ اقدامات کے خاتمے اور کشمیریوں کو ان کا حق دلانے کے لیے عملی اقدامات کرے۔