اٹلی نے پاکستان کو آئندہ تین سال کے لیے ہزاروں نوکریوں میں کوٹہ الاٹ کر دیا ہے۔ ترجمان وزارت اوورسیز پاکستانیز کے مطابق اٹلی سے ساڑھے 10 ہزار ملازمتوں کا کوٹہ حاصل کر لیا گیا ہے، جس کے تحت ہر سال 3500 پاکستانی شہری روزگار کے لیے اٹلی جائیں گے۔
ترجمان نے بتایا کہ اٹلی یورپ کا پہلا ملک ہے جس نے پاکستان کے لیے باضابطہ طور پر نوکریوں میں کوٹہ مختص کیا ہے۔ کوٹے کے تحت ہر سال 1500 پاکستانی سیزنل جبکہ 2000 پاکستانی نان سیزنل بنیادوں پر اٹلی جا سکیں گے۔
وزارت اوورسیز پاکستانیز کے مطابق شپ بریکنگ، ہیلتھ کیئر اور زراعت کے شعبوں میں ملازمتوں کا کوٹہ مختص کیا گیا ہے۔ اس کے علاوہ ویلڈرز، ٹیکنیشنز، شیف، ویٹرز، ہاؤس کیپنگ، نرسنگ، میڈیکل ٹیکنیشن، فارمنگ اور کاشتکاری کے شعبوں میں پاکستانی ہنرمند اور نیم ہنرمند ورکرز کے لیے روزگار کے وسیع مواقع موجود ہیں۔
ترجمان کے مطابق پاکستان اور اٹلی کے درمیان جوائنٹ ورکنگ گروپ کا دوسرا اجلاس فروری میں اسلام آباد میں منعقد ہوگا۔
اس موقع پر وفاقی وزیر برائے اوورسیز پاکستانیز چوہدری سالک حسین نے کہا کہ اٹلی کی جانب سے پاکستان کے لیے نوکریوں کا کوٹہ مختص ہونا ایک اہم سنگِ میل ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ اٹلی میں پاکستانی ورک فورس کے لیے روزگار کے دروازے کھل رہے ہیں اور آئندہ یورپ کے مزید ممالک میں بھی پاکستانی محنت کشوں کے لیے مواقع پیدا ہوں گے۔
چوہدری سالک حسین نے کہا کہ حکومت پاکستان اپنے محنت کشوں کو عالمی سطح پر باعزت روزگار فراہم کرنے کے لیے مسلسل کوشاں ہے، جبکہ اوورسیز پاکستانی دنیا بھر میں پاکستان کے سفیر اور ملکی معیشت میں ریڑھ کی ہڈی کی حیثیت رکھتے ہیں۔





