جون 14, 2026

کمشنر گوجرانوالہ نوید حیدر شیرازی کا ڈنگہ کا اچانک دورہ، تجاوزات اور کوڑے کے ڈھیر پر سخت نوٹس

گوجرانوالہ: کمشنر گوجرانوالہ ڈویژن نوید حیدر شیرازی نے اچانک ڈھلیان چوک سے گلزار شہید چوک ڈنگہ کا دورہ کیا اور دکانداروں کی جانب سے تجاوزات، مین روڈ کے ڈیوائیڈر پر کوڑے کے ڈھیر اور دیگر انتظامی خامیوں کا سخت نوٹس لیا۔

کمشنر نے اسسٹنٹ کمشنر کھاریاں احمد شیر گوندل، سی او ڈنگہ عرفان احمد گوندل اور دیگر افسران کے ہمراہ معائنہ کیا۔ انہوں نے کہا کہ تجاوزات اور سڑک کے درمیان کوڑے ڈالنے والے دکانداروں کے خلاف سخت قانونی کارروائی کی جائے۔

اس سلسلے میں اے سی کھاریاں کی ہدایت پر انفورسمنٹ انسپکٹر نے 8 دکانداروں پر فی کس 5 ہزار سے 10 ہزار روپے کے حساب سے مجموعی طور پر 76 ہزار روپے جرمانہ عائد کیا۔

اس کے بعد کمشنر نے کمپلیکس روڈ پر جا کر نالوں کی تعمیر اور دیگر ترقیاتی کاموں کا بھی وزٹ کیا تاکہ شہر کی صفائی اور نظم و ضبط بہتر بنایا جا سکے۔

کمشنر نے مزید کہا کہ شہری سہولت اور صاف ستھرا ماحول یقینی بنانے کے لیے انتظامیہ ہر ممکن اقدامات کرے گی اور کسی کو بھی قانون سے بالاتر نہیں چھوڑا جائے گا۔