جون 6, 2026

کراچی میں 35 ویں نیشنل گیمز کی شاندار افتتاحی تقریب ، کھلاڑیوں کا جذبہ دیدنی

کراچی میں 35 ویں نیشنل گیمز پروقار افتتاحی تقریب کے ساتھ شروع ہوگئے۔ نیشنل اسٹیڈیم میں منعقد ہونے والی تقریب میں ملک بھر سے آئے ہزاروں کھلاڑیوں نے شرکت کی اور اسٹیڈیم کا ماحول جوش و جذبے سے بھر گیا۔
افتتاحی تقریب سے خطاب میں پاکستان اولمپک ایسوسی ایشن کے صدر عارف سعید نے کہا کہ نیشنل گیمز میں شرکت ہر ایتھلیٹ کے لیے اعزاز کی حیثیت رکھتی ہے۔ انہوں نے سندھ حکومت کی جانب سے کیے گئے انتظامات کی تعریف کی۔
وزیرِ اعلیٰ سندھ مراد علی شاہ نے اپنے خطاب میں کہا کہ سندھ حکومت کراچی میں ہونے والے نیشنل گیمز کو مثالی اور یادگار ایونٹ بنانے کے لیے پرعزم ہے۔
پاکستان پیپلز پارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری نے کہا کہ آج نیشنل گیمز میں حصہ لینے والے کھلاڑی کل پاکستان کے لیے اسٹار میڈل ونرز ثابت ہوں گے۔
خطابات کے بعد کھلاڑیوں نے مارچ پاسٹ میں حصہ لیا۔ سب سے پہلے دفاعی چیمپئن پاکستان آرمی کے دستے نے سلامی دی جبکہ آخر میں میزبان سندھ کے ایتھلیٹس سلامی کے چبوترے کے سامنے سے گزرے۔ کھلاڑیوں نے کہا کہ وہ اس میگا ایونٹ میں بہترین کارکردگی دکھانے کے لیے بھرپور تیاری کے ساتھ میدان میں اتر رہے ہیں۔
نیشنل گیمز کے باضابطہ آغاز سے قبل اولمپیئن قمر ابراہیم ٹارچ لے کر اسٹیڈیم پہنچے۔ ٹارچ سمیر حسین، نسیم حمید، سعدی عباس اور اصلاح الدین سے ہوتی ہوئی ارشد ندیم تک پہنچی۔ ارشد ندیم نے اسٹیڈیم کا چکر لگایا اور نیشنل گیمز کی مشعل روشن کی۔
مشعل روشن ہونے کے بعد بلاول بھٹو زرداری نے رسمی طور پر 35 ویں نیشنل گیمز کے آغاز کا اعلان کیا۔ یہ گیمز 13 دسمبر تک کراچی کے مختلف وینیوز پر جاری رہیں گے۔