جون 2, 2026

ڈیلاویئر میں گرفتار شخص پاکستانی نہیں، افغان شہری ہے: دفتر خارجہ

اسلام آباد: دفتر خارجہ نے امریکی شہر ڈیلاویئر میں گرفتار ہونے والے شخص کے پاکستانی شہری ہونے کی خبروں کی تردید کردی ہے۔ ترجمان کے مطابق، لقمان خان پاکستانی نہیں بلکہ افغان شہری ہے۔

امریکی میڈیا کی رپورٹس کے مطابق 25 سالہ لقمان خان کو 24 نومبر کی رات گرفتار کیا گیا تھا۔ پولیس نے کینبی پارک ویسٹ میں ایک ٹرک کو روکا، جس میں لقمان موجود تھا۔ پولیس کے مطابق اس نے احکامات ماننے سے انکار کیا اور مزاحمت کرنے پر گرفتار کیا گیا۔

رپورٹس میں کہا گیا کہ تفتیش کے دوران لقمان خان کے ٹرک سے پستول، میگزین اور مبینہ حملے کی منصوبہ بندی کی دستاویزات برآمد ہوئیں۔ ان دستاویزات میں یونیورسٹی آف ڈیلاویئر کے پولیس اسٹیشن کا خاکہ، داخلی و خارجی دروازوں کے نشانات اور ایک پولیس افسر کا نام بھی درج تھا۔

ایف بی آئی نے ایک روز بعد لقمان خان کے گھر پر چھاپہ مارا، جہاں سے مزید جدید اسلحہ برآمد ہوا۔ امریکی حکام نے دعویٰ کیا تھا کہ لقمان خان پاکستانی نژاد امریکی شہری اور یونیورسٹی آف ڈیلاویئر کا طالب علم ہے اور اس نے یونیورسٹی کے پولیس ڈپارٹمنٹ پر حملے کی منصوبہ بندی کی تھی۔ تاہم دفتر خارجہ نے اسے افغان شہری قرار دے کر پاکستانی ہونے کی خبروں کی تردید کردی۔