جون 2, 2026

حکومت نے اقوام متحدہ کے امدادی اداروں کو افغانستان میں خوراک پہنچانے کی اجازت دے دی

حکومت پاکستان نے اقوام متحدہ کے امدادی اداروں کو افغانستان میں خوراک پہنچانے کی اجازت دے دی۔

غیر ملکی خبر رساں ادارے کے مطابق وزارت تجارت نے ڈی جی افغان ٹرانزٹ ٹریڈ اور ممبر کسٹمز آپریشن ایف بی آر کو خط لکھ کر یہ اجازت دی، جو وزارت خارجہ کی سفارش پر عمل میں لائی گئی۔

خط میں کہا گیا کہ یونیسف، ورلڈ فوڈ پروگرام اور یو این ایف پی اے کے کنٹینرز کی مرحلہ وار کلیئرنس کی ہدایت دی گئی ہے۔

پہلے مرحلے میں انسانی ہمدردی کی بنیاد پر خوراک کے کنٹینرز کی ترسیل کی اجازت ہوگی۔

دوسرے مرحلے میں ادویات اور طبی آلات والے کنٹینرز کلیئر کیے جائیں گے۔

تیسرے مرحلے میں طلبہ اور اساتذہ کے لیے تعلیمی کٹس لے جانے والے کنٹینرز کی کلیئرنس دی جائے گی۔

دفتر خارجہ کے ترجمان نے جیونیوز سے بات چیت میں بتایا کہ پاک افغان سرحد کو انسانی ہمدردی کی بنیاد پر جزوی طور پر کھولا گیا ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ پاکستان کا افغان عوام سے کوئی مسئلہ نہیں ہے، تاہم سرحد اور عام تجارتی راستے تاحال بند ہیں۔