اکتوبر 29, 2026

محمد وسیم نے انٹرنیشنل باکسنگ چیمپئن شپ میں ورلڈ گولڈ بینٹم ویٹ ٹائٹل جیت لیا

لاہور: پاکستان کے محمد وسیم نے انٹرنیشنل باکسنگ چیمپئن شپ میں ورلڈ گولڈ بینٹم ویٹ ٹائٹل جیت کر قومی پرچم بلند کر دیا ہے۔ چیمپئن شپ کے چوتھے روز محمد وسیم نے تھائی لینڈ کے باکسر جکراوت کو شکست دی۔

وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز نے محمد وسیم کو شاندار کامیابی پر مبارکباد دی اور کہا کہ پاکستانی باکسر نے قوم کا سر فخر سے بلند کر دیا ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ محمد وسیم نے اپنی محنت اور عزم کے ذریعے بین الاقوامی سطح پر پاکستان کا نام روشن کیا۔

وزیراعلیٰ سندھ مراد علی شاہ نے بھی محمد وسیم کو ورلڈ گولڈ بینٹم ویٹ ٹائٹل جیتنے پر مبارکباد پیش کی اور کہا کہ محمد وسیم نے پوری قوم کا سر فخر سے بلند کیا۔

لاہور کے جناح اسپورٹس کمپلیکس میں ہونے والے ایونٹ میں 15 ممالک کے 44 پروفیشنل باکسرز شریک تھے، جن میں سے 6 پاکستانی اور 38 غیر ملکی شامل تھے۔ امریکا، برطانیہ، جرمنی، کوریا، آسٹریلیا، آئرلینڈ اور مراکش سے باکسرز اور آفیشلز بھی موجود تھے۔