صوابی: سابق اسپیکر قومی اسمبلی اور پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے رہنما اسد قیصر نے صوابی میں جلسے سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ ہمیں دیوار سے نہ لگایا جائے، ہمیں جینے نہیں دیا گیا تو ہم بھی آپ کو جینے نہیں دیں گے۔
اسد قیصر نے کہا کہ بانی پی ٹی آئی سے ملاقات کرنا ہر فرد کا قانونی حق ہے، تاہم انہیں اس ملاقات کی اجازت کیوں نہیں دی جا رہی، یہ سوال پیدا ہوتا ہے۔
انہوں نے عوامی خطاب میں امن اور مذاکرات کو موقع دینے پر زور دیا اور کہا کہ قطر، ترکی اور دیگر ممالک امن کے لیے اپنی کوششیں جاری رکھیں۔
اسد قیصر نے مزید کہا کہ پاکستان، افغانستان اور ایران برادر مسلم ممالک ہیں اور ہمیں اپنے معاملات مذاکرات کے ذریعے حل کرنے چاہئیں تاکہ خطے میں پائیدار امن قائم ہو۔





