اکتوبر 29, 2026

امریکی ریاست ٹیکساس میں بم بنانے کے دعوے پر افغان شہری گرفتار

امریکا کے شہر فورٹ ورتھ، ٹیکساس میں بم بنانے کا دعویٰ کرنے والے افغان شہری کو گرفتار کر لیا گیا ہے۔ امریکی ٹی وی چینل فوکس نیوز کے مطابق گرفتار شخص کا نام محمد داؤد الوک زئی ہے، جسے منگل کو ڈپارٹمنٹ آف ہوم لینڈ سکیورٹی نے حراست میں لیا اور اس پر مقدمہ چلایا جا رہا ہے۔

امریکی میڈیا کے مطابق محمد داؤد الوک زئی 7 ستمبر 2022 کو امریکا میں مستقل رہائش (گرین کارڈ) حاصل کر چکا تھا اور وہ آپریشن "الائیز ویلکم” کے تحت امریکا لایا گیا تھا۔ گرفتار شخص نے ایک ٹک ٹاک ویڈیو بھی پوسٹ کی تھی جس میں اس نے دعویٰ کیا تھا کہ وہ ایک بم تیار کر رہا ہے اور فورٹ ورتھ شہر کو نشانہ بنائے گا۔

یہ واقعہ امریکی حکام کے لیے تشویشناک ہے، خاص طور پر اس پس منظر میں کہ حال ہی میں افغان شہری رحمان اللہ لکنوال کو بھی وائٹ ہاؤس کے قریب نیشنل گارڈز پر فائرنگ کرنے کے الزام میں گرفتار کیا گیا تھا۔ رحمان اللہ بھی 2021 میں امریکا آیا تھا۔