اکتوبر 31, 2026

ویتنام میں طوفانی بارشیں اور سیلاب: ہلاکتیں 90 تک پہنچ گئیں، لاکھوں متاثر

ویتنام کے مختلف حصوں میں طوفانی بارشوں اور شدید سیلاب کے باعث ہلاکتوں کی تعداد 90 تک پہنچ گئی ہے۔ وزارت قدرتی وسائل و ماحولیات کی جانب سے جاری بیان میں بتایا گیا کہ جنوبی اور وسطی ویتنام میں 16 نومبر سے شروع ہونے والی بارشوں کے نتیجے میں تباہی کا سلسلہ جاری ہے۔

وسطی ڈیک لاک صوبے میں سب سے زیادہ نقصان ہوا ہے جہاں 63 افراد ہلاک اور ہزاروں گھر سیلاب میں بہہ گئے۔ اس خطے میں کم از کم 12 افراد لاپتا ہیں جن کی تلاش کی کوششیں جاری ہیں۔ مقامی میڈیا کے مطابق ہزاروں افراد کو شدید مشکلات کا سامنا ہے۔

حکومت کے تخمینے کے مطابق پانچ صوبوں میں سیلاب سے مجموعی معاشی نقصان 34 کروڑ 30 لاکھ ڈالر کے لگ بھگ پہنچا ہے۔ متاثرہ علاقوں میں امدادی کارروائیاں تیز کر دی گئی ہیں تاکہ زخمیوں اور لاپتہ افراد کو بروقت مدد فراہم کی جا سکے۔

جنوب وسطی ویتنام میں اکتوبر کے آخر سے مسلسل بارشیں ہو رہی ہیں، جس سے سیاحتی مقامات بھی متاثر ہوئے ہیں۔ ڈیک لاک میں 2 لاکھ ایکڑ رقبے پر پھیلی فصلیں تباہ ہو گئیں جبکہ 32 لاکھ پالتو مویشی سیلابی پانی میں بہہ گئے۔

سائنسدانوں کا کہنا ہے کہ ویتنام میں عموماً جون سے ستمبر کے دوران شدید بارشیں ہوتی ہیں، مگر موسمیاتی تبدیلیوں کے باعث بارشوں کا رجحان غیر متوقع طور پر تبدیل ہو رہا ہے، جس سے مستقبل میں مزید خطرات بڑھ سکتے ہیں۔